اولمپین کرن خان سوئمنگ میں تاریخ بنانے کیلئے پرامید

تجربہ کار ہونے کا فائدہ تو ہے لیکن نئی سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے محنت بھی کرنا پڑتی ہے: کرن خان/ فوٹو جیونیوز
تجربہ کار ہونے کا فائدہ تو ہے لیکن نئی سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے محنت بھی کرنا پڑتی ہے: کرن خان/ فوٹو جیونیوز

11 برس کی عمر میں نیشنل گیمز میں 7 گولڈ میڈلز سمیت 12 میڈلز جیتنے والی سوئمر کرن خان اب نیشنل گیمز میں ماں بننے کے بعد کم عمر سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کر رہی ہیں۔

5 ہفتے قبل کرن خان دوسری مرتبہ ماں بنیں، وہ کہتی ہیں کہ سوئمنگ میں تاریخ بنانا چاہتی ہوں تاکہ زیادہ سے زیادہ لڑکیاں اس کھیل کی طرف آئیں اور ماں بننے کے بعد کھیل کو جاری رکھیں۔

لاہور میں نیشنل گیمز کے سوئمنگ مقابلے نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں شروع ہو ئے ہیں، اولمپین کرن خان بہن اولمپین بسمہ خان کے ساتھ پاکستان آرمی کی نمائندگی کر رہی ہیں، انہوں نے 50 میٹر بٹر فلائی میں سلور میڈل جیتا۔

اولمپین کرن خان نے جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہو ئے کہا کہ تجربہ کار ہونے کا فائدہ تو ہے لیکن نئی سوئمرز کے ساتھ مقابلہ کرنے کے لیے محنت بھی کرنا پڑتی ہے، بسمہ خان پاکستان کا مستقبل ہے وہ بہترین سوئمر ہے، ہم دونوں بہنیں ایک ٹیم میں ہیں جس کا ایک دوسرے کو فائدہ ہوتا ہے، مجھے اچھا لگتا ہے کہ آج کے بچوں کے ساتھ مقابلوں کروں اور ان تک پہنچوں۔

کرن خان نے بتایا کہ دوبارہ سوئمنگ پول میں واپسی پر بہت اچھا لگ رہا ہے،  میں نئی سوئمرز کا مقابلہ کرکے انجوائے کر رہی ہوں،  میں 5 ہفتے قبل ہی دوسری مرتبہ ماں بنی ہوں، میرا پیغام یہی ہے کہ ماں بننے کے بعد کھیل کو مت چھوڑیں، مجھے فیملی کی بہت سپورٹ حاصل ہے، میرے شوہر اور والد بہت ساتھ دیتے ہیں، میں نے تاریخ رقم کرنا ہے، پہلے کم عمر ی میں تاریخ بنائی اور اب پھر بنانا ہے، اب میں نے مدر ایتھلیٹس کے  لیے مثال بننا ہے  کہ وہ متحرک رہیں اور کھیل کو نہ چھوڑیں۔

اولمپین بسمہ خان نے کہا کہ کرن خان کو جب گولڈن گرل کا خطاب ملا تھا تب میں پیدا بھی نہیں ہو ئی تھی اور اب میں ان کے ساتھ مقابلہ کرتی ہوں اور انٹر نیشنل اور نیشنل مقابلوں میں حصہ لیتی ہوں، مجھےبہت اچھا لگتا ہے، مجھے ان سے سیکھنے کا موقع ملتا ہے،  وہ ماں بننے کے بعد کھیل جاری رکھے ہو ئے ہیں جو کہ سب کے لیے مثال ہے۔

مزید خبریں :