27 مئی ، 2023
قومی ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کا کہنا ہے کہ وکٹ لینا اسپیڈ سے زیادہ اہم ہے تاہم وقت اور کھیلے جانے والے میچز کے ساتھ ساتھ اچھے بولر کے اعتماد میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔
کرک انفو کو دیے گئے انٹرویو کے دوران شاہین نے اپنی پیس کے حوالے سے زیر گردش بیانات پر گفتگو کی جس میں انہوں نے کہا کہ پیس کے حوالے سے ہر ایک کا اپنا نظریہ ہے، جب آپ 110 کی اسپیڈ سے بولنگ کروارہے ہیں اور وکٹیں بھی لے رہے ہوں تو آپ مطمئن ہوتے ہیں، میں وکٹس لے رہا ہوں اور فیلڈ میں اپنا 100 فیصد دیتا ہوں جو کہ اسپیڈ سے زیادہ اہم ہے اسپیڈ سے کوئی فرق نہیں پڑتا لیکن اگر وقت کے ساتھ میری بولنگ اسپیڈ میں کمی آئی ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہتری بھی دیکھی جائے گی۔
اگر وقت کے ساتھ میری بولنگ اسپیڈ میں کمی آئی ہے تو وقت کے ساتھ ساتھ اس میں بہترین بھی دیکھی جائے گی : فاسٹ بولر
ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ اور انجری کے حوالےسے بات کرتے ہوئے شاہین کا کہنا تھا کہ میں ورلڈکپ سے دو ماہ قبل انجری کا شکار ہوگیا تھا جس کے بعد مجھے فیلڈ میں واپسی میں بھی وقت لگا، ایک کھلاڑی کھیلے جانے والے میچز سے فٹنس بہتر محسوس کرتا ہے، میں بھی پی ایس ایل کے بعد میں خود کو مزید بہترمحسوس کررہا ہوں، اسی کے ساتھ میں نے پاکستان کیلئے انٹرنیشنل میچز بھی کھیلے تاہم مستقبل میں کھیلے جانے والے میچز کے ساتھ مزید بہتری لاؤں گا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سابق چیئرمین پی سی بی رمیز راجا نے شاہین شاہ کی بولنگ اسپیڈ پر بات کرتے ہوئے تشویش کا اظہار کیا تھا۔
رمیز راجا کا کہنا تھا پچز پر مؤثر کردار نبھانے کیلئے شاہین شاہ کو اپنی بولنگ تکنیک میں ویریشن لانی ہوگی، سابق چیئرمین نے ساتھ ہی اور شاہین کو اسپیڈ بڑھانے کا مشورہ دیا تھا۔