ابھی پیزا کھائیں اور مرنے کے بعد ادائیگی کریں، کمپنی کا انوکھا پروگرام

یہ اس کمپنی کا پیزا نہیں بلکہ اسٹاک فوٹو ہے / رائٹرز فوٹو
یہ اس کمپنی کا پیزا نہیں بلکہ اسٹاک فوٹو ہے / رائٹرز فوٹو

پیزا تو بیشتر افراد کو پسند ہوتا ہے مگر اکثر اسے خریدنے کے لیے پیسے خرچ کرنے کا دل نہیں کرتا۔

مگر ایک کمپنی 'ابھی خریدیں بعد میں ادائیگی (بائے ناؤ، پے لیٹر) کریں' جیسے مشہور سسٹم کو کچھ زیادہ ہی انوکھے انداز سے استعمال کرنے والی ہے۔

اس کمپنی کی جانب سے پیزا خریدنے والے سیکڑوں افراد کو پیسوں کی ادائیگی موت کے بعد کرنے کی پیشکش کی جائے گی۔

نیوزی لینڈ کی اس پیزا کمپنی کی جانب سے آفٹر لائف پے نامی پروگرام پیش کیا گیا ہے۔

اس کے تحت نیوزی لینڈ کے 666 اور آسٹریلیا کے 666 شہریوں کو پروگرام کا حصہ بننے کی پیشکش کی جائے گی۔

اس پروگرام کے لیے صارفین کو اپنی وصیتوں میں ایک تبدیلی کرنا ہوگی جس کے تحت ان کے خریدے گئے پیزا کی قیمت لوگوں کی موت کے بعد لی جاسکے گی۔

اس پروگرام میں شامل افراد سے سود یا کوئی اضافی فیس نہیں لی جائے گی۔

کمپنی کے مطابق یہ ایک ہلکا پھلکا مارکیٹنگ اسٹنٹ ہے جو بائے ناؤ، پے لیٹر پروگرامز سے متاثر ہوکر بنایا گیا ہے۔

کمپنی کے حکام کا کہنا تھا کہ ہم نے دیکھا ہے کہ متعدد افراد اس طرح کے پروگرام کے تحت مختلف اشیا خریدتے ہیں تو ہم نے سوچا کہ ایک قدم آگے جا کر اپنا پروگرام پیش کریں۔

انہوں نے کہا کہ آپ کسی جرمانے یا اضافی فیس کی فکر سے آزاد ہوکر اپنا پیزا کھا سکتے ہیں۔

مزید خبریں :