Time 31 مئی ، 2023
پاکستان

حکومتی معاشی پالیسیوں پر تنقید، خواجہ آصف کا مفتاح اسماعیل کیلئے پیغام

مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پر تبصرے سننے کو ملتے رہتے ہیں: خواجہ آصف۔ فوٹو فائل
مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پر تبصرے سننے کو ملتے رہتے ہیں: خواجہ آصف۔ فوٹو فائل

وفاقی وزیر دفاع اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما خواجہ آصف نے سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی حکومتی معاشی پالیسیوں پر مسلسل نکتہ چینی پر ان کے لیے پیغام جاری کیا ہے۔

خواجہ آصف نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں لکھا کہ مفتاح اسماعیل جب سے وزارت سے سبکدوش ہوئے ہیں ان کے پاکستان کے معاشی حالات پر تبصرے سننے کو ملتے رہتے ہیں، وہ مسلم لیگ ن کا حصہ ہیں، ان کی قابلیت مسلمہ ہے اور پارٹی ان کے علم سے براہ راست استفادہ کر سکتی ہے لیکن ملک کا معاشی عدم استحکام اس وقت ان کی میڈیا پر نکتہ چینی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ مفتاح اسماعیل کی نکتہ چینی حکومت کے لیے مفید بھی ہو سکتی ہے، اگر وہ بھی جماعت کو اعتماد میں لیں اور اچھے وقت اور رفاقت کو یاد رکھیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ جماعت نے ان کو دو دفعہ وزارت خزانہ سے نوازا اور ان کا وزارت سے ہٹائے جانے کا گلہ تو ہو سکتا ہے مگر پارٹی کو ٹارگٹ کرنے کا جواز نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ سیاست میں موسم بدلتے رہتے ہیں اور باوقار سیاسی ورکر سردی و گرمی دونوں کو برداشت کرتے ہیں اور سرخرو ہوتے ہیں، وفاداری جب مشروط ہو تو وہ کاروبار ہوتی ہے۔

خیال رہے کہ مفتاح اسماعیل وفتاً فوقتاً میڈیا اور سوشل میڈیا پر حکومتی معاشی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے رہتے ہیں۔

مزید خبریں :