Time 31 مئی ، 2023
پاکستان

سپریم جوڈیشل کونسل نے جسٹس مظاہرنقوی کیخلاف شکایات پرکارروائی کا آغاز کردیا

سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف کارروائی کا معاملہ کونسل کے سینیئر رکن کو بھجوادیا— فوٹو: فائل
سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف کارروائی کا معاملہ کونسل کے سینیئر رکن کو بھجوادیا— فوٹو: فائل

سپریم جوڈیشل کونسل نےجسٹس مظاہرنقوی کے خلاف شکایات پرکارروائی کا آغاز کردیا۔

سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے جسٹس مظاہر اکبر نقوی کے خلاف  کارروائی کا معاملہ کونسل کے سینیئر رکن کو بھجوادیا۔

شکایات پر کارروائی تب ہوگی جب چیئرمین چیف جسٹس عمر عطا بندیال کونسل کے سینیئر رکن کی رپورٹ کی بنیاد پر اجلاس بلائیں گے۔

یاد رہے کہ چیف جسٹس پاکستان سپریم جوڈیشل کونسل کے چیئرمین جبکہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود حصہ ہیں، سندھ ہائیکورٹ کے چیف جسٹس محمد احمد علی شیخ اورلاہور ہائیکورٹ کے چیف جسٹس امیر بھٹی بھی سپریم جوڈیشل کونسل کا حصہ ہیں۔

جوڈیشل کونسل اجلاس بلانے کا اختیار بطور چیئرمین چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے پاس ہے، چیف جسٹس اجلاس بلانے سے قبل شکایت کے جائزے کیلئے معاملہ کونسل کے سینیئر ممبر کو بھجواتے ہیں۔

جسٹس مظاہر اکبر نقوی پر اسلام آباد بار کونسل نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور ٹیکس چھپانے سمیت دیگر الزامات پر مبنی شکایت آڈیو اور ویڈیو کلپس کے مواد سمیت سپریم جوڈیشل کونسل میں جمع کرائی ہے۔

جسٹس مظاہر کے خلاف میاں داؤد ایڈووکیٹ کی ایک اور درخواست میں کہا گیا ہے کہ جسٹس مظاہر کے خلاف ریفرنس کے فیصلے تک ان کے سامنے کوئی مقدمہ نہ لگایا جائے نہ ہی انہیں کسی بینچ میں شامل کیا جائے۔

مزید خبریں :