01 جون ، 2023
اداکارہ اشنا شاہ کا کہنا ہے کہ ان کے عروسی لباس پر جہاں انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا وہیں کئی مداحوں کی جانب سے ان سے پیار کا بھی اظہار کیا گیا۔
حال ہی میں اشنا شاہ جیو نیوز کے پروگرام ’ہنسنا منع ہے ‘ کی مہمان بنیں جس دوران اداکارہ نے مختلف اور دلچسپ موضوعات کے ساتھ ساتھ اپنی ذاتی زندگی پر بھی بات کی۔
دوران شو میزبان کے سوال پر اشنا شاہ نے اپنے شوہر حمزہ امین سے پہلی ملاقات کا احوال بتاتے ہوئے کہا کہ ہمیں کسی نے ملوایا تھا، اس ملاقات کے بعد ہمیں محبت ہوگئی۔
دوران شو میزبان تابش ہاشمی سے شادی کی تصویروں کے بعد کی جانے والی تنقید پر بات کرتے ہوئے کہا کہ تنقید کے ساتھ ساتھ میری تعریف بھی کی گئی اور پیار بھی دیا گیا ۔
ڈریس پر ہونے والی تنقید سے متعلق اشنا شاہ کا کہنا تھا کہ کئی ناقدین کو ایسا لگا کہ میں کوئی ریاست مخالف دلہن آگئی ہوں، کئی لوگوں نے یہ تک کہا کہ میرا ڈریس بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے مجھے بھیجا ہے ، ایسا نہیں تھا، ہمارے کلچر میں آج تک دلہنیں ایسی ڈریسنگ کرتی آئی ہیں، شاید دلہن کے لہنگے کی چولی ایسی نہ ہو لیکن لال لہنگا تو دلہنوں نے پہنا ہے۔
واضح رہے کہ اشنا شاہ نے فروری میں معروف گولفر حمزہ امین سے شادی کی تھی اور شادی کی تصاویر شیئر کرنے کے بعد انہیں سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ویڈنگ لک کے باعث خاصی تنقید کا سامنا کرنا پڑا تھا۔