کراچی کی منڈی میں ملنے والی ایک کروڑ کی گائےکی خاص بات کیا ہے؟

اس گائے کے 20 لاکھ اور 35 لاکھ روپے لگ چکے ہیں، کسی کے نصیب میں ہو گی تو وہ لے کر چلا جائے گا : بیوپاری/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
اس گائے کے 20 لاکھ اور 35 لاکھ روپے لگ چکے ہیں، کسی کے نصیب میں ہو گی تو وہ لے کر چلا جائے گا : بیوپاری/فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

ہر سال کی طرح اس مرتبہ بھی کراچی میں لگنے والی مویشی منڈی میں ایک خاص قسم کی گائے لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئی ہے۔

کراچی کی مویشی منڈی میں ہر سال نایاب، خوبصورت اور بھاری بھرکم جانور لائے جاتے ہیں جنہیں دیکھنے اور خریدنے والوں کا رش لگا رہتا ہے لیکن اس مرتبہ جس جانور کو دیکھنے کے لیے لوگوں کا رش لگا ہے نہ تو وہ بہت بڑا ہے اور نہ ہی تگڑا۔

کراچی کی مویشی منڈی میں ایک چھوٹی لیکن بہت ہی بڑی قیمت والی گائے سامنے آئی ہے جسے دیکھ کر اور اس کی قیمت سن کر لوگ حیران ہو رہے ہیں۔

فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا
فوٹوبشکریہ سوشل میڈیا 

گائے کے مالک ہاشم خان کا کہنا ہے کہ میں سہراب گوٹھ سے آیا ہوں اور یہ گائے افغانستان سے لایا ہوں۔

ہاشم خان نے بتایا کہ یہ جانور نمونہ ہے اور اس کا نام بھولی ہے، اس کی قیمت 1 کروڑ روپے ہے اور میرا چیلنج ہے کہ پوری منڈی میں اس جیسا جانور نہیں ملے گا۔

ہاشم خان کا کہنا ہے کہ اس جانور کی خاص بات یہ ہے کہ اس کی جوڑی نہیں ملتی اور یہ لاکھوں میں ایک ہوتا ہے۔

بیوپاری نے  یہ بھی کہا ہے کہ اس گائے کے 20 لاکھ اور 35 لاکھ روپے لگ چکے ہیں، کسی کے نصیب میں ہوگی تو وہ لےکر چلا جائےگا، 80 یا 85 لاکھ روپے میں بھی دے دوں گا۔