Time 05 جون ، 2023
کھیل

نسیم شاہ نے منگنی کی افواہوں پر خاموشی توڑ دی

لوگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اچانک ان کی شادیوں اور مصروفیات پر کیوں توجہ مرکوز کر دیتے ہیں؟ نسیم شاہ کا سوال/ فوٹو: انسٹاگرام
لوگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اچانک ان کی شادیوں اور مصروفیات پر کیوں توجہ مرکوز کر دیتے ہیں؟ نسیم شاہ کا سوال/ فوٹو: انسٹاگرام

پاکستان کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ نے اپنی مبینہ منگنی کی خبروں کو مسترد کردیا۔

نسیم شاہ ان دنوں انگلش لیگ ٹی ٹوئنٹی وائیٹلٹی بلاسٹ کھیل رہے ہیں جن کے حوالے سے گزشتہ کچھ عرصے سے سوشل میڈیا پر خبریں زیر گردش تھیں کہ کرکٹر کی منگنی ہوگئی ہے۔

اس حوالے سے فاسٹ بولر نے خود بھی ان افواہوں کی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے تردید کی تھی تاہم اب جیو نیوز سے خصوصی گفتگو میں ایک بار پھر نسیم شاہ نے اس حوالے سے بات چیت کی ہے۔

فوٹو: جیو نیوز
فوٹو: جیو نیوز

نسیم شاہ نے کہا 'میری منگنی کی تمام افواہیں بالکل غلط ہیں کیونکہ ایسا کچھ نہیں ہوا، مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سب میری منگنی یا شادی میں اتنی دلچسپی کیوں رکھتے ہیں؟ لوگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کی کارکردگی پر توجہ دینے کے بجائے اچانک ان کی شادیوں اور مصروفیات پر کیوں توجہ مرکوز کر دیتے ہیں؟'

فاسٹ بولر نے مداحوں کو مشورہ دیا کہ 'بس ہمیں کرکٹ کھیلتا دیکھیں اور اس سے لطف اندوز ہوں، شادی میرا ذاتی معاملہ ہے اور یہ تب ہی ہو گی جب قسمت میں ہوگا'۔

انگلش لیگ کا حصہ ہونے پر فاسٹ بولر کا کہنا تھا کہ 'مجھے صرف چند گیمز کھیلنے کا موقع ملا جو ایک اچھا تجربہ تھا ، اور میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں'۔

نسیم شاہ نے ٹی 20 بلاسٹ میں لیسٹر شائر فاکس کے لیے اب تک چار میچ کھیلے ہیں۔

قومی بولر نے زبردست بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے چار میچوں میں تین وکٹیں حاصل کیں جب کہ صرف 7.46 رنز فی اوور کی اوسط سے مجموعی طور پر صرف 112 رنز دیے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے نسیم کا مزید کہنا تھا کہ میری توجہ ابھی سری لنکا میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز سمیت ان تمام مواقع پر ہے جو مجھے حاصل ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ میں جلد ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں لگائے گئے خصوصی کرکٹ کیمپ میں شرکت کروں گا، امید ہے کہ ورلڈ کپ تک ہماری تیاری مکمل ہوگی۔

مزید خبریں :