کھیل
Time 27 اپریل ، 2023

نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے سیریز کیلئے تیاریاں اچھی ہیں، نسیم شاہ

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے تیاریاں اچھی ہیں، پریشر میچز کھیلنے سے تیاری اچھی ہوگئی ہے۔

ون ڈے سیریز سے قبل راولپنڈی میں جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نسیم شاہ نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں مختلف رفتار کے ساتھ بولنگ کرنی پڑتی ہے جبکہ ایک روزہ میچ اور ٹیسٹ کرکٹ میں لمبی بولنگ کرنی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک روزہ میچ اور ٹیسٹ کرکٹ میں وکٹیں لینی پڑتی ہیں جبکہ ٹی ٹوئنٹی میں قسمت بھی کام آجاتی ہے کیونکہ باؤنڈری پر کیچز مل جاتے ہیں۔

نسیم شاہ کا کہنا تھا کہ کوشش ہوتی ہے تینوں فارمیٹس میں اچھی بولنگ کروں، میری کوشش اپنی اسرینتھ کے حساب سے بولنگ کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بولرز کافی تجربہ کار ہیں، نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنے حساب سے کرکٹ کھیلے گی اور ہم اپنے پلان کے مطابق کھیلیں گے، پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بیٹرز کے لیے پچز کافی سازگار ہیں، پچ کی کنڈیشنز سے بطور بولر فرق نہیں پڑتا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ ون ڈے میچز کی سیریز کا آغاز آج سے ہوگا۔ ون ڈے اسکواڈ کیلئے پاکستان ٹیم میں 6 اسپیشلسٹ کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔

میچ پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3 بجکر 30 منٹ پر شروع ہوگا۔

پاکستان اور نیوزی کے درمیان پانچ ون ڈے میچزکی سیریز کے ابتدائی دو میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوں گے۔

مزید خبریں :