Time 05 جون ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایپل کے پہلے مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ کی قیمت کیا ہوگی؟

کمپنی کی سالانہ کانفرنس 5 جون کو شروع ہوگی / فوٹو بشکریہ ایپل
کمپنی کی سالانہ کانفرنس 5 جون کو شروع ہوگی / فوٹو بشکریہ ایپل

ایپل کی جانب سے 8 برس بعد پہلی نئی ڈیوائس سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں متعارف کرائی جا رہی ہے۔

5 جون سے شروع ہونے والی کانفرنس کے موقع پر آئی فون تیار کرنے کے لیے مشہور کمپنی کی جانب سے پہلا مکسڈ رئیلٹی ہیڈ سیٹ متعارف کرایا جائے گا۔

اس ڈیوائس کی قیمت 3 ہزار ڈالرز تک ہو سکتی ہے۔

اس ہیڈ سیٹ میں ورچوئل رئیلٹی (وی آر) اور اگیومینٹڈ رئیلٹی (اے آر) ٹیکنالوجیز کا امتزاج کیا جائے گا۔

2015 میں ایپل واچ کے بعد یہ ایپل کی جانب سے پہلی بڑی نئی ڈیوائس متعارف کرائی جا رہی ہے جو کمپنی کے نئے عہد کا آغاز بھی کرے گی۔

کئی برس سے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کک کی جانب سے اے آر ٹیکنالوجی میں دلچسپی ظاہر کی جا رہی ہے اور اب جاکر اس پر مبنی پہلی ڈیوائس پیش کی جا رہی ہے۔

اس ڈیوائس کو رئیلٹی ون یا رئیلٹی پرو کا نام دیے جانے کا امکان ہے جس میں آئی او ایس جیسا یوزر انٹرفیس ہوگا۔

ڈیوائس میں کیمرے اور سنسرز کو صارفین اپنے ہاتھوں، آنکھوں کی حرکت اور ڈیجیٹل اسسٹنٹ Siri کی مدد سے کنٹرول کر سکیں گے۔

اس ہیڈ سیٹ میں گیمنگ اور فٹنس ایپس موجود ہوں گی جبکہ صارفین آئی فون کی ایپس جیسے میسجز، فیس ٹائم اور سفاری تک بھی رسائی حاصل کر سکیں گے۔

اس کانفرنس کے دوران ایپل کی جانب سے نئے میک بک کمپیوٹرز، آئی فون، آئی پیڈ اور ایپل واچ کے لیے نئے فیچرز متعارف کرائے جانے کا بھی امکان ہے۔

اسی طرح آرٹی فیشل انٹیلی جنس (اے آئی) ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھی اہم اعلانات متوقع ہیں۔

مزید خبریں :