19 اپریل ، 2023
آئی فون کا کیمرا سسٹم دیگر کمپنیوں کے ڈیوائسز کے مقابلے میں بہترین تصور کیا جاتا ہے۔
تاہم حالیہ برسوں میں اینڈرائیڈ فونز نے فون کیمرا زومنگ میں آئی فونز کو پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
مگر ایک نئی لیک کے مطابق آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس میں پہلی بار ایسا کیمرا لینس متعارف کرایا جائے گا جو آپٹیکل زوم کو دوگنا بڑھا دے گا۔
اس وقت آئی فون میں 3 ایکس آپٹیکل زوم کیا جا سکتا ہے مگر آئی فون 15 کے پرو ماڈلز سے 6 ایکس زوم کرنا ممکن ہوگا۔
یہ نیا کیمرا پیری اسکوپ ٹیکنالوجی سے لیس ہوگا اور زومنگ کے دوران تصویر کا معیار متاثر نہیں ہوگا۔
یہ رپورٹس تو پہلے سے سامنے آ رہی تھیں کہ آئی فون 15 ماڈلز میں ٹیلی فوٹو کیمرا دیا جا سکتا ہے مگر اب پہلی تفصیلات سامنے آئی ہیں۔
ایک اور لیک میں بتایا گیا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے بیک پر کیمرا سیٹ اپ گزشتہ سال کے ماڈل کے مقابلے میں پتلا ہوگا۔
آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں کناروں کی پٹی یا بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔
اس سے قبل مختلف لیکس میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو ماڈلز کے ڈیزائن میں والیوم بٹن کو تبدیل کیا گیا ہے اور اس کا استعمال اب زیادہ آسان ہو جائے گا جبکہ سائیلنٹ سوئچ کو ایکشن بٹن سے بدلا جا رہا ہے۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ سے ہٹ کر آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں ڈائنامک آئی لینڈ کا فیچر دیے جانے کا امکان ہے، جو 2022 میں آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود رکھا گیا۔