آخر انٹرنیٹ ہائپرلنک کا رنگ نیلا کیوں ہوتا ہے؟

اس کی وجہ جانتے ہیں / فوٹو بشکریہ Mozilla
اس کی وجہ جانتے ہیں / فوٹو بشکریہ Mozilla

انٹرنیٹ تو اب سب افراد استعمال کرتے ہیں مگر کیا کبھی آپ نے سوچا کہ ویب سائٹس پر ہائپر لنک کا رنگ ہمیشہ نیلا ہی کیوں ہوتا ہے؟

یقین کرنا مشکل ہوگا مگر برسوں تک اس کی وجہ کسی کو بھی معلوم نہیں تھی۔

ایک یوزر انٹرفیس ڈیزائنر Elise Blanchard نے کچھ عرصے قبل انٹرنیٹ کے اس معمے کو حل کیا۔

انہوں نے 2 مضامین میں بتایا کہ آخر انٹرنیٹ پر ہائپر لنک کے لیے نیلے رنگ کا انتخاب کیوں کیا گیا تھا۔

ان کے مطابق اس کا آغاز 1985 میں ہوا جب میری لینڈ یونیورسٹی کے کمپیوٹر سائنس پروفیسر Ben Shneiderman نے یہ تحقیق کی کہ مختلف رنگوں کے ہائپر لنک کس طرح صارفین پر اثرانداز ہوتے ہیں۔

پروفیسر Ben Shneiderman نے Elise Blanchard کو بتایا کہ 'لنکس کے لیے سرخ رنگ زیادہ نمایاں ہوتا ہے مگر صارفین کے لیے اسے پڑھنا مشکل ہوتا ہے، اس کے مقابلے میں نیلا رنگ نہ صرف اتنا گہرا ہوتا ہے کہ سفید یا سیاہ پس منظر میں نمایاں ہوتا ہے بلکہ یہ صارفین کی توجہ پر اثرانداز بھی نہیں ہوتا۔

1980 کی دہائی کے وسط میں انٹرنیٹ کے لیے یوزر انٹرفیس پر زبردست بحث کا سلسلہ شروع ہوا تھا کیونکہ ڈویلپرز یہ جاننا چاہتے تھے کہ ڈیزائن کے کونسے عناصر زیادہ بہتر کام کرتے ہیں۔

یہی وجہ تھی کہ میری لینڈ کے کمپیوٹر سائنس پروفیسر اور ان کے طالبعلموں کی تحقیق کو سائنسی جریدوں اور کانفرنسز میں نمایاں جگہ دی گئی۔

اس طرح نیلا رنگ ہائپر لنکس کے لیے مقبول بن گیا اور اسے مختلف سافٹ وئیرز جیسے ورلڈ وائیڈ ویب براؤزر اور مائیکرو سافٹ کے انٹرنیٹ ایکسپلورر کا حصہ بنا دیا گیا۔

ویسے تو اب کئی ویب سائٹس کی جانب سے ہائپر لنکس کے لیے مختلف رنگ بھی استعمال کیے جاتے ہیں۔

مگر اب بھی بیشتر ویب سائٹس ہائپر لنکس کے لیے نیلے رنگ کو ترجیح دیتی ہیں کیونکہ زیادہ تر کلر بلائنڈ افراد کو بھی یہ رنگ نظر آ جاتا ہے۔

مزید خبریں :