07 جون ، 2023
لیجنڈری بھارتی اداکار نصیر الدین شاہ کو سندھی زبان سے متعلق بیان خاصا مہنگا پڑ گیا جہاں اداکار کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا وہیں اداکارہ منشا پاشا بھی خاموش نہ رہ سکیں۔
حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں نصیر الدین شاہ نے کہا تھا کہ ’سندھی زبان اب پاکستان میں نہیں بولی جاتی ہے‘۔
نصیر الدین شاہ کے انٹرویو کلپ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اداکارہ منشا پاشا نے ٹوئٹ کے ذریعے واضح کیا کہ بطور قابل فخر سندھی جو کہ گھر میں سندھی بولتی بھی ہوں، میں اس رائے سے اختلاف کرتی ہوں۔
واضح رہے کہ نصیر الدین شاہ کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کو آڑے ہاتھوں لیا، اداکار کے بیان پر دلچسپ تبصروں اور تنقیدی ردعمل کے ذریعے انہیں شدید تنقید کا سامنا ہے۔