Time 09 جون ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ٹوئٹر کے مقابلے پر میٹا کی نئی ایپ کی پہلی جھلک سامنے آگئی

یہ ایپ ایسی ہوگی / فوٹو بشکریہ دی ورج
یہ ایپ ایسی ہوگی / فوٹو بشکریہ دی ورج

میٹا کی زیرملکیت فوٹو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کی جانب سے ٹوئٹر جیسے نئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کی تیاری پر کئی ماہ سے کام کیا جا رہا ہے۔

اب ٹوئٹر کے مقابلے پر تیار کی جانے والی ایپ کی پہلی اور واضح جھلک سامنے آگئی ہے۔

ایک رپورٹ میں اس ایپ کے ڈیزائن اور یوزر انٹرفیس کی جھلک سامنے آئی ہے۔

اس ایپ کو ابھی پراجیکٹ 92 کا کوڈ نام دیا گیا ہے۔

میٹا کی ایک میٹنگ کے دوران کمپنی کے چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوس نے اس نئی ایپ کی تفصیلات بتائیں۔

یہ ایپ انسٹاگرام پر مبنی ہے اور اسے ایکٹیویٹی پب نامی ڈی سینٹرلائزڈ سوشل میڈیا پروٹوکول سے منسلک کیا جائے گا۔

میٹنگ کے دوران کرس کوس نے اس نئی ایپ کو ٹوئٹر پر ہمارا ردعمل قرار دیا۔

اس ایپ کے لیے انسٹاگرام کے اکاؤنٹ سسٹم کو استعمال کرکے صارف کی تفصیلات کو جمع کیا جائے گا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس ایپ کا نام ممکنہ طور پر تھریڈز رکھا جا سکتا ہے۔

کرس کوس نے بتایا کہ ہم نے اس طرح کے پلیٹ فارم میں دلچسپی رکھنے والے کریٹیرز اور عوامی شخصیات کی رائے سنی ہے اور وہ ہماری سروس پر اعتماد اور انحصار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کا مقصد اس ایپ کو استعمال کے لیے آسان بنانا ہے جبکہ صارفین کے تحفظ کو ترجیح دی جائے گی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اس ایپ کی کوڈنگ کا آغاز جنوری میں ہوا تھا اور میٹا کی جانب سے جلد از جلد اسے متعارف کرا دیا جائے گا۔

مزید خبریں :