Time 09 جون ، 2023
کھیل

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ فائنل، کھیل کے تیسرے روز بھی آسٹریلیا کا پلڑا بھاری

تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے ہیں۔ فوٹو کرک انفو
 تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے ہیں۔ فوٹو کرک انفو

آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں کھیل کے تیسرے روز بھی آسٹریلیا کا بھارت کے خلاف پلڑا بھاری ہے۔

اوول میں کھیلے جا رہے آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں تیسرے روز کے اختتام پر آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 123 رنز بنا لیے ہیں، مارنوس لبوشین 41 اور کیمرون گرین 7 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔

دوسری اننگز میں بھی آسٹریلوی اوپنرز لمبی شراکت قائم کرنے میں ناکام رہے، ڈیوڈ وارنر ایک اور عثمان خواجہ 13 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جبکہ پہلی اننگز میں سنچریاں جڑنے والے اسٹیو اسمتھ 34 اور ایلکس کیری 18 رنز بنا سکے۔ آسٹریلیا کو بھارت پر 296 رنز کی مجموعی سبقت حاصل ہو گئی ہے۔ 

قبل ازیں بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 296 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی جس کے باعث آسٹریلیا کو بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 173 رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے اجینکیا رہانے 89، شردل ٹھاکر 51 اور رویندرا جڈیجا 48 رنز بنا کر نمایاں رہے، روہت شرما 15 جبکہ چتیشور پجارا اور ویرات کوہلی 14، 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شبمن گل اور محمد شامی 13 ، 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جبکہ سری کار بھارت اور امیش یادیو نے 5، 5 رنز بنائے۔

آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ مچل اسٹارک، اسکاٹ بولینڈ اور کیمرون گرین نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں، ایک وکٹ ناتھن لیون کے حصے میں آئی۔

یاد رہے کہ آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں 469 رنز اسکور کیے تھے جس میں ٹریوس ہیڈ نے 163 اور اسٹیو اسمتھ نے 121 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں تھیں۔

مزید خبریں :