بجٹ میں تمام اہداف مصنوعی اور پچھلے سال کی طرح حقیقت پر مبنی نہیں، حماد اظہر

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجٹ میں تمام اہداف مصنوعی اور پچھلے سال کی طرح حقیقت پر مبنی نہیں ہیں۔

جمعہ کو وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے مالی سال 24-2023 کا 144 کھرب 60 ارب روپے کا بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیا۔

بجٹ دستاویز کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کا ٹیکس وصولی کا ہدف 92 کھرب روپے مقرر کیا گیا ہے جس میں سے براہ راست ٹیکس وصولی کا حجم 37 کھرب 59 ارب روپے ہوگا جبکہ بلواسطہ ٹیکسز کا حجم 54 کھرب 41 ارب روپے ہوگا۔ اس کے علاوہ غیر ٹیکس شدہ آمدنی 29 کھرب 63 ارب روپے ہوگی۔

بجٹ میں نئے ٹیکسز لگانے سے گریز کیا گیا ہے جبکہ ترقیاتی منصوبوں کیلئے 11 کھرب 50 ارب روپے کی تاریخی رقم مختص کی گئی ہے اور دفاعی اخراجات میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

بجٹ پر تنقید کرتے ہوئے حماد اظہر نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ معاشی ترقی، ٹیکس وصولی، مہنگائی کی شرح، درآمدات اور ترسیلات زر کے ہدف صرف بجٹ بیلنس کے لیے ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ مہنگائی کم کرنے کا یا ڈوبتی معیشت بچانے کا بھی کوئی منصوبہ نہیں ، بجٹ میں آٹھ اعشاریہ پانچ ارب ڈالر کے نئے بیرونی قرضوں کا ہدف ہے   لیکن آئی ایم ایف کے نہ ہونے سے یہ بھی ناممکن ہوگا ۔

مزید خبریں :