12 جون ، 2023
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے میئر کراچی کے انتخاب سے لاتعلقی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کو ڈھائی ماہ پرانی قرار دے دیا۔
سوشل میڈیا پر حلیم عادل شیخ کی ایک ویڈیو وائرل ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ہم کسی ایسی دوڑ کا حصہ نہیں بننا چاہتے جس میں جیتنے والا کوئی اور ہو، ہماری دوڑ ہے کہ ملک کو اس نظام سے چھٹکارا دلانا ہے، اس کے بعد نیا بلدیاتی نظام بنے گا اور الیکشن ہونگے پھر ہم آئیں گے، اس وقت یہ جانیں ان کا کام جانے، پی پی کا میئر بنتا ہے یا جماعت کا، ہم میئر الیکشن سے باہر ہیں۔
پی ٹی آئی سندھ کے صدر کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی تاہم اب پی ٹی آئی سندھ کے صدر نے ویڈیو دو ماہ پرانی قرار دے دی۔
اپنے ویڈیو بیان میں حلیم عادل شیخ نے وضاحت کی کہ آج اُلٹی گنگا بہہ رہی ہے اور سورج نجانے کہاں سے نکلا ہے، میری دو سے ڈھائی ماہ پرانی ویڈیو پیپلزپارٹی کے سوشل میڈیا پیجز سے چل رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ویڈیو کراچی کے بلدیاتی انتخابات کے فوراً بعد کی تھی کیونکہ اس وقت تک کسی حمایت کا فیصلہ نہیں کیا گیا تھا، اب چیئرمین پی ٹی آئی نے حافظ نعیم الرحمان کی غیر مشروط حمایت کا اعلان کیا اور ہم نے پارٹی ارکان کو بتا دیا، میں نے گزشتہ روز باقاعدہ ہدایات بھی جاری کردی ہیں اور اب جو ووٹ نہیں کرے گا اسے نا اہل کروائیں گے۔
انہوں نے ایک بار پر دہرایا کہ پاکستان تحریک انصاف میئر و ڈپٹی میئر کراچی کیلئے غیر مشروط طور پر حافظ نعیم کی حمایت کرچکی ہے اور تمام ارکان انہیں ووٹ دیں گے۔
خیال رہے کہ آج کراچی میں پی ٹی آئی کے منتخب 30 سے زائد یوسی چیئرمینز کا اجلاس ہوا جس میں جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔
منتخب یوسی چیئرمین اسد امان نے دعویٰ کیا کہ تقریباً 40 پی ٹی آئی کے چیئرمین میئر کے انتخاب کے دن ایوان میں نہیں جائینگے۔
اس معاملے پر تحریک انصاف کی جانب سے بھی ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار کی حمایت کا اعلان کیا ہے، پیپلز پارٹی ہر حال میں میئر کا الیکشن چوری کرنا چاہتی ہے، پیپلز پار ٹی نے منتخب ارکان کو دباؤ میں لانے کے کوشش کی۔
پی ٹی آئی اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ منتخب ارکان کو وفاداری تبدیل کرنے کیلئے اغوا کیا جاتا رہا، پارٹی ہدایت پر تمام ارکان کو حافط نعیم الرحمان کو ووٹ دینا ہے، پارٹی ہدایت کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی کی جائے گی، جو رکن پارٹی ہدایت کے برخلاف ووٹ ڈالنے نہیں آئے گا اس کیخلاف کارروائی ہوگی، پیپلز پارٹی چور دروازے سے میئر بنانے کی کوشش بند کرے۔
واضح رہے کہ کراچی میئر کیلئے انتخابات 15 جون کو ہوگا جس میں جماعت اسلامی کے حافظ نعیم الرحمان اور پیپلزپارٹی کے مرتضیٰ وہاب کے درمیان مقابلہ ہے۔