13 جون ، 2023
پاکستان کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں شرکت نہیں کریں گے۔
شاہین آفریدی ورلڈ کپ کے پیش نظر ٹیسٹ ٹیم سے فی الحال بریک لیں گے۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز کھیلے جائیں گے جو کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں۔
ذرائع کے مطابق ٹیسٹ سیریز جولائی میں ہوگی جس کے شیڈول کا سری لنکا کرکٹ جلد اعلان کرے گا۔
خیال رہے کہ شاہین آفریدی جنہوں نے 25 ٹیسٹ میچوں میں 24.86 کی اوسط سے 99 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں، گزشتہ برس دورہ سری لنکا کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔
فاسٹ بولر شاہین آفریدی نے گزشتہ برس جولائی میں سری لنکا کے خلاف اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیلا تھا۔
انجری سے صحت یاب ہو نے کے بعد بائیں ہاتھ کے تیز بولر کی وائٹ بال کرکٹ میں ضرور واپسی ہوئی، البتہ انہوں نے ہوم گراونڈ پر انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیست سیریز میں حصہ نہیں لیا تھا۔
واضح رہے کہ شاہین شاہ آفریدی ان دنوں انگلینڈ میں ٹی ٹوئنٹی لیگ ٹی20 بلاسٹ میں ناٹنگھم شائر کی نمائندگی کر رہے ہیں جس میں ناصرف بولر کی گیند بازی کے چرچے ہوئے بلکہ شائقین ان کی بیٹنگ سے بھی کافی محظوظ ہوئے۔
اب امکان ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بولر کو آرام دیا جائے کیونکہ رواں برس ایشیا کپ کے ساتھ آئی سی سی ورلڈ کپ بھی ہے جس میں شاہین کی موجودگی لازمی ہے۔