Time 13 جون ، 2023
پاکستان

ویڈیو: 10 دن سے ایک ہی شلوار قمیص پہنی ہوئی ہے: پرویز الٰہی

لاہور میں جوڈیشل مجسٹریٹ نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو دوبارہ جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔

پرویزالٰہی کو بکتربند گاڑی میں عدالت لایا گیا۔ لاہور ضلع کچہر ی جوڈیشل مجسٹریٹ نے محکمہ اینٹی کرپشن کی جانب سے چوہدری پرویز الٰہی کے دوبارہ جسمانی ریمانڈ کی درخواست پر سماعت کی۔

محکمہ اینٹی کرپشن نے استدعا کی کہ پرویز الٰہی کا 14 روزہ جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔ پرویز الٰہی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ نے دوبارہ جسمانی ریمانڈ دینے سے متعلق سیشن کورٹ کا حکم معطل کر دیا ہے۔ ہائیکورٹ کے حکم کی کاپی پیش ہونے پر جوڈیشل مجسٹریٹ نے پرویز الٰہی کو واپس جیل بھجوادیا۔

دس دن سےایک ہی شلوارقمیص پہنی ہوئی ہے: پرویز الٰہی 

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی نے پیشی کے موقع پر جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 10 دن سےایک ہی شلوارقمیص پہنی ہوئی ہے، 6 فٹ کا سیل ہے میری ٹانگیں بھی اُس میں سیدھی نہیں ہو سکتیں۔

ضلع کچہری میں پیشی کے موقع پر جیو نیوز کے نمائندے سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ میری ادویات مجھ تک نہیں پہنچ رہیں، میرے پاؤں سوجھ گئے، کارڈیالوجی میں ٹیسٹ بھی آدھے ہوئے۔ 

خیال رہے کہ یکم جون کو چوہدری پرویز الہٰی کو لاہور میں ان کے گھر کے قریب سے گرفتار کیا گیا تھا، پرویز الٰہی کو اینٹی کرپشن پولیس نے گرفتار کیا۔

پرویزالٰہی کےخلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کیخلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔

مزید خبریں :