Time 14 جون ، 2023
کاروبار

روس سے طورخم پہنچنے والے 11 ایل پی جی ٹینکرز کو تاحال کلیئرنس نہ مل سکی

الیکٹرانک امپورٹ فارم کی شرط کے باعث ٹینکرزکو کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہے: کسٹم ایجنٹ— فوٹو:فائل
الیکٹرانک امپورٹ فارم کی شرط کے باعث ٹینکرزکو کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہے: کسٹم ایجنٹ— فوٹو:فائل

روس سے طورخم ٹرمینل پہنچنے والے مائع پیٹرولیم گیس ( ایل پی جی) کے 11 ٹینکرز کو  تاحال کلیئرنس نہ مل سکی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں کسٹم ایجنٹ مجیب اللہ شنواری نے بتایا کہ روسی ایل پی جی کے 11 ٹینکرز 4 روز سے طورخم ٹرمینل پرکھڑے ہیں۔ 

ان کا کہنا تھا کہ الیکٹرانک امپورٹ فارم (ای آئی ایف) کی شرط کے باعث ٹینکرزکو کلیئرنس میں تاخیر کا سامنا ہے، پہلے پہنچنے والے 4 روسی ایل پی جی ٹینکرز کو طورخم ٹرمینل پر 22 دن کے بعد کلیئرنس ملی تھی تاہم 11 ایل پی جی ٹینکرز چار دن سے کلیئرنس کے انتظار میں کھڑے ہیں۔

انہوں نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو، وزارت تجارت اورمحکمہ کسٹم حکام سے مطالبہ کیا کہ روسی ایل پی جی ٹینکرز کو ای آئی ایف فارم سے استثنیٰ کا حکم جاری کرے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ ایف اے ٹی ایف شرائط کی وجہ سے امپورٹ کلیئرنس کا سفرطویل ہوا ہے۔

کسٹم ایجنٹ کے مطابق روسی ایل پی جی کو طورخم بارڈر پر کلیئرنس کے بعد پشاور کے علاقہ بڈھنی میں قائم ایل پی جی اسٹوریج لایا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں خام تیل لےکر روسی جہاز ’پیور پوائنٹ‘ کراچی بندرگاہ پہنچا تھا، 183 میٹر لمبے روسی جہاز پیور پوائنٹ میں 45 ہزار میٹرک ٹن تیل لدا ہے۔

موجودہ حکومت نے رواں سال جنوری میں روس سے سستے تیل اور گیس کی خریداری کے لیے بات چیت کا آغاز کیا تھا۔

روسی تیل اور گیس کی پاکستان آمدکو پاک روس تجارتی تعلقات کے حوالے سے اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

مزید خبریں :