Time 17 جون ، 2023
پاکستان

کرپشن کی رقم فرح گوگی تک پہنچنے کے شواہد حاصل کر لیے، اینٹی کرپشن حکام کا دعویٰ

اینٹی کرپشن حکام کا دعویٰ ہے کہ سابق ای ٹی او مسعود بشیر اپنے نیٹ ورک میں شامل ایکسائز انسپکٹرز کے لیے رشوت کی رقم اکٹھی کرتے تھے۔ فوٹو فائل
اینٹی کرپشن حکام کا دعویٰ ہے کہ سابق ای ٹی او مسعود بشیر اپنے نیٹ ورک میں شامل ایکسائز انسپکٹرز کے لیے رشوت کی رقم اکٹھی کرتے تھے۔ فوٹو فائل

اینٹی کرپشن پنجاب نے محکمہ ایکسائز میں کرپشن کی رقم اکٹھی کرکے سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی قریبی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی) تک پہنچنے کے شواہد حاصل کر لیے۔

اینٹی کرپشن حکام کا دعویٰ ہے کہ سابق ای ٹی او مسعود بشیر اپنے نیٹ ورک میں شامل ایکسائز انسپکٹرز کے لیے رشوت کی رقم اکٹھی کرتے تھے، رشوت کوٹے سے زائد الکوحل کی فروخت پر لی جاتی تھی اور پھر یہ رقم فرحت شہزادی تک پہنچائی جاتی تھی۔

حکام کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کو محکمہ ایکسائز کے ای ٹی اوز کے خلاف ثبوت مل گئے ہیں۔

فرحت شہزادی اور ان کے ذریعے پوسٹنگ لینے والے 5 بیورو کریٹس کے خلاف پہلے ہی مقدمہ درج ہے، سابق وزير اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور بشریٰ بی بی کے صاحبزادے ابراہیم مانیکا بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔

ذرائع کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کی تحقیقات میں فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام117 بینک اکاؤنٹس کے انکشاف پر انہیں طلبی کا نوٹس بھی بھیجا گیا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکاؤنٹس بھی منظرعام پر آئے، ان بینک اکاؤنٹس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ساڑھے 4 ارب روپےکی مبینہ ٹرانزیکشنز کا بھی انکشاف ہوا۔

مزید خبریں :