Time 06 جون ، 2023
پاکستان

117بینک اکاؤنٹس کا انکشاف، نیب نے فرح گوگی کو شوہر سمیت طلب کرلیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب)  نے  چیئرمین تحریک انصاف کی اہلیہ کی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی)  اور ان کے شوہر  احسن جمیل گجر کو 8 جون کو طلب کرلیا۔

ذرائع کے مطابق نیب تحقیقات میں فرحت شہزادی اور احسن جمیل کے نام117  بینک اکاؤنٹس کے انکشاف پر طلبی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکاؤنٹس بھی منظرعام پر  آئے ہیں، ان بینک اکاؤنٹس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے  دور  میں ساڑھے 4 ارب روپےکی مبینہ ٹرانزیکشنز کا انکشاف ہوا ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق دونوں ملزمان کے نام مجموعی طور پر ڈیڑھ ارب روپے مالیت کی جائیدادیں بھی پائی گئیں، 2021 میں فرحت شہزادی نے ایف بی آر کو 97 کروڑ  روپے کے اثاثہ  جات ظاہر کیے تھے، دونوں کی ملکیت میں 10کمپنیوں کا بھی پتہ لگایا گیا، یہ کمپنیاں  مبینہ  طور  پر مالی  لین دین کے لیے  استعمال ہوتی رہیں۔

ذرائع کا کہنا ہےکہ تحقیقات میں نیب تفتیشی ٹیم  نے فرحت شہزادی کے لیےکام کرنے والےکیش بوائے کا سراغ بھی لگالیا ہے، کیش بوائے نے مجموعی طور پر 860 ملین کیش ٹرانزیکشنز کا اعتراف کیا، شواہد نیب نے حاصل کرلیے، ریکارڈ کے مطابق فرحت شہزادی نے ایمنسٹی اسکیم  سے فائدہ  اٹھاتے ہوئے 50 کروڑ روپے وائٹ کرائے، ایمنسٹی اسکیم میں 32 کروڑ  روپے مالیت کو  زرعی پیداوار کا حصول ظاہر کیا گیا جب کہ ملزمان کی ملکیت کوئی زرعی اراضی نہیں تھی۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ فرحت شہزادی اور احسن جمیل گجر کے اثاثہ جات میں 3 سال میں مبینہ طور پر 420 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا، ملزمان نے 2018 سے 2021 کے دوران ایک ارب روپے  سے زائد کی جائیدادیں بھی بنائیں، فرحت شہزادی اور شوہر کے نام دبئی میں ایک لگژری فلیٹ کا انکشاف بھی ہوا جسے ایف بی آر میں ظاہر نہیں کیا گیا، فرحت شہزادی  اور ان کے شوہر ڈیفنس لاہور میں 8 جائیدادوں کے مالک نکلے جس میں کمرشل پلازہ بھی شامل ہے،لاہور میں کروڑوں مالیت کا4کنال کا پلاٹ بھی جائیداد میں شامل ہے۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر F-7 میں 2 کنال کا بنگلہ ملزمان کے نام ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ریکارڈ کے مطابق ملزمان  نے مذکورہ  بنی گالہ  اراضی 530 ملین روپے میں حاصل کی، نیب تحقیقات میں احسن جمیل گجر  اور فرحت شہزادی کے نام 19 گاڑیاں بھی پائی گئی ہیں۔

نیب لاہور نے بزدار دور میں ہونے والی تمام  غیر ضروری ٹرانسفر  پوسٹنگ اور ٹھیکوں کی تفصیلات بھی اکھٹی کرنا شروع کردی ہیں، ملزمان کے خلاف بیوروکریسی کے تبادلوں کے عوض کروڑوں روپے بٹورنےکی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، نیب نوٹس میں ملزمان کو 8 جون کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونےکی ہدایت کی گئی ہے، عدم تعاون کی صورت میں نیب قانون کے تحت کارروائی سےانتباہ کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :