18 جون ، 2023
بدھ سے بھارت میں شروع ہونیوالی ساؤتھ ایشین فٹبال (ساف) چیمپئن شپ میں پاکستان ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان کھڑے ہوگئے، بھارتی حکام نے پاکستان ٹیم کو ویزے جاری نہیں کئے اور نہ ہی پاکستان فٹبال فیڈریشن کو کوئی مثبت جواب دیا گیا ہے۔
ساف فٹبال چیمپئن شپ 21 جون سے بھارت کے شہر بنگلورو میں کھیلی جائے گی، ایونٹ میں شرکت کیلئے پاکستان فٹبال ٹیم کو اتوار کی صبح ماریشیز سے بھارت کیلئے روانہ ہونا تھا۔
ذرائع کے مطابق ہفتے کی شب تک پاکستان ٹیم کو ماریشیز کا ویزہ نہیں مل سکا، جس کے بعد پاکستان فٹبال ٹیم کی ایونٹ میں شرکت مشکل ہوگئی ہے۔
پاکستان فٹبال ٹیم ماریشیز میں چار ملکی ٹورنامنٹ کیلئے موجود ہے جہاں اس نے بھارتی ویزا کیلئے اپلائی کیا تھا۔
پاکستان فٹبال ٹیم کے ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارت خانہ ٹال مٹول سے کام لیتا رہا ہے اور اب ویزہ معاملے پر منفی جواب دیا جارہا ہے۔
ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ اس سلسلے میں ماریشیز میں پاکستانی سفارت خانہ بھی بھارتی سفارت خانے سے رابطے میں ہے۔ پاکستانی سفارت خانے کو بتایا گیا ہے کہ فٹبال ٹیم کے ویزے منظور نہیں ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ بھارتی فٹبال فیڈریشن نے اپنی تمام وزارتوں سے کلیئرنس حاصل کر کے پاکستان فٹبال فیڈریشن کوبھیجی تھی جو ویزوں کے ساتھ جمع کرائی گئی تھی۔
حکومت پاکستان بھی پاکستان ٹیم کو ایونٹ میں شرکت کی اجازت دے چکی تھی جس کے بعد اب پاکستان ٹیم کو بھارت کیلئے روانہ ہونا تھا لیکن بھارتی حکام کی جانب سے بتایا جا رہا ہے کہ ویزے اب تک منظور نہیں ہوئے۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی فٹبال ضوابط کے مطابق میزبان ملک کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ دورہ کرنے والی ٹیموں کے کھلاڑیوں کے ویزوں کے بروقت اجراء کو یقینی بنائے۔