18 جون ، 2023
سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی دوست فرحت شہزادی (فرح گوگی) کے خلاف گوجرانوالا میں ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین شکایات لے کر قومی احتساب بیورو (نیب) ٹیم کے پاس پہنچ گئے۔
نیب لاہور کی ٹیم گوجرانوالا میں فرحت شہزادی کی ملکیتی ہاؤسنگ سوسائٹی کے ریکارڈ کی چھان بین کرنے گئی تھی کہ اسی دوران ہاؤسنگ سوسائٹی کے متاثرین فرح گوگی کے خلاف شکایات لیکر پہنچ گئے۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ جعلی مالکانہ حقوق دے کر بُکنگ کی جاتی رہی، قبضہ ملا اور نہ رقوم واپس ہوئیں، مالکان بڑی رقوم بٹور کر ملک سے فرار ہو چکے، داد رسی کی جائے۔
نیب ٹیم نے متاثرین کو فرحت شہزادی اور دیگر ملزمان کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے نیب آفس لاہور بُلوا لیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اینٹی کرپشن پنجاب کی ٹیم نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں کوٹے سے زائد الکوحل پر رشوت لینے اور پھر رشوت کی رقم فرح گوگی کے اکاؤنٹ میں منتقل ہونے سے متعلق شواہد ملے ہیں۔
ذرائع کے مطابق نیب کی تحقیقات میں فرحت شہزادی اور ان کے شوہر احسن جمیل گجر کے نام117 بینک اکاؤنٹس کے انکشاف پر انہیں طلبی کا نوٹس بھی بھیجا گیا۔
نیب ذرائع کا کہنا ہےکہ ملزمان کے خلاف تحقیقات کے دوران 4 فارن بینک اکاؤنٹس بھی منظرعام پر آئے، ان بینک اکاؤنٹس میں سابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے دور میں ساڑھے 4 ارب روپےکی مبینہ ٹرانزیکشنز کا بھی انکشاف ہوا۔