19 جون ، 2023
لاہور: مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے صدر اور سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی سے جیل میں ملاقات کی۔
جیل میں چوہدری پرویز الٰہی کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں چوہدری شجاعت کے صاحبزادے اور وفاقی وزیر سالک حسین بھی موجود تھے۔
چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا پرویز الٰہی کی طبیعت ٹھیک نہیں تھی اور پاؤں سوجے ہوئے تھے، پرویز الٰہی ہمارے خاندان کا حصہ ہیں اس لیے ملنے گیا، ہمارے خاندان نے پہلے بھی مشکلات دیکھی ہیں۔
جیو نیوز کی جانب سے چوہدری شجاعت سے سوال پوچھا گیا کہ کیا پرویز الہی ق لیگ میں واپس آ رہے ہیں؟ جس پر چوہدری شجاعت نے کہا کہ ’پرویز الٰہی ہماری پارٹی میں ہی ہیں۔’
چوہدری شجاعت سے دوبارہ سوال پوچھا گیا کہ پرویز الٰہی تو تحریک انصاف کے صدر ہیں، اس پر چوہدری شجاعت حسین مسکرا دیے۔
خیال رہے چند روز قبل ہی چوہدری پرویز الٰہی سے بطور وزیراعلیٰ پنجاب ملنے والا اسٹاف واپس لیا گیا ہے، واپس لیے گئے اسٹاف میں سکیورٹی اہلکار، ڈرائیور، باورچی سمیت 60 ملازم شامل تھے۔
علاوہ ازیں 4 جون کو عدالت میں پیشی کے موقع پر چوہدری پرویز الٰہی کا میڈیا سے گفتگو کے دوران پارٹی کارکنوں کو پیغام دیا کہ حکومت جتنے مرضی کیس بنالے آپ نے ڈرنا نہیں ہے، اگر یہ 100کیس بھی بنالیں تو بھی پی ٹی آئی کے لوگوں نے مضبوط رہنا ہے ۔