19 جون ، 2023
بھارت میں لڑکے کے ہاتھوں اپنی محبوبہ کے قتل کا ایک اور اندوہناک واقعہ سامنے آیا ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ممبئی میں ساکی ناکہ کے قریب ایک رکشے میں سوار لڑکے اور لڑکی کے درمیان کسی بات پر بحث چھڑ گئی جو سنجیدہ نوعیت اختیار کر گئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لڑکے نے تکرار کرنے پر چلتے رکشے میں ہی تیز دھار آلے کی مدد سے لڑکی کا گلا کاٹ ڈالا، لڑکی نے جان بچانے کے لیے رکشے سے چھلانگ لگائی تاہم وہ زمین پر جاگری اور زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے اس کی موت واقع ہو گئی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے آلہ قتل بھی برآمد کر لیا گیا ہے اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔
خیال رہے کہ چند روز قبل بھی بھارتی دارالحکومت نئی دلی میں نوجوان لڑکی کے قتل ایک انتہائی اذیت ناک واقعہ سامنے آیا تھا۔
واقعے کی سامنے آنے والی ویڈیو میں دیکھا گیا کہ ایک لڑکے نے سرعام لڑکی کو چھریوں کے پے درپے وار کر کے قتل کر دیا اور وہاں سے گزرتے کئی لوگوں نے بھی واردات ہوتے دیکھی لیکن کسی نے بھی لڑکی کو بچانے کی کوشش نہیں کی۔