31 دسمبر ، 2012
نئی دہلی…دہلی میں زیادتی کا نشانہ بننے والی لڑکی کی یاد میں بھارت بھر میں مظاہرے جاری ہیں۔شہریوں نے موم بتیاں جلائیں اورلڑکیوں کے ساتھ ہونیوالی زیادتی کیخلاف لڑنے کے عزم کااظہارکیا۔نئی دہلی کی ایک بس میں اجتماعی زیادتی کا نشانہ بننے والی 23سال کی طالبہ کی المناک ہلاکت کے بعد بھارت کے تما م شہروں میں احتجاج کاسلسلہ جاری ہے۔دہلی ،بنگلور،کولکتہ اورگوہاٹی سمیت مختلف شہروں میں لوگ سڑکوں پرنکل آئے۔ مظاہرین کاایک ہی مطالبہ تھاکہ زیادتی کرنیوالے ملزمان کوکڑی سے کڑی سزا دی جائے۔نئی دہلی کے علاقے جنتر منتر میں عورتوں ،مردوں سمیت بچوں اور بچیوں نے پر امن احتجاج کیا اور موم بتیاں جلائیں۔انھوں نیخواتین کیساتھ زیادتی کے خلاف یادداشت پر بھی دستخط کیے اور زیادتی کرنیوالوں کو پھانسی کی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔