21 جون ، 2023
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ سے قبل از حج آپریشن مکمل کر لیا گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق مجموعی طور پر کوئٹہ ائیرپورٹ سے 58 پروازوں نے حصہ لیا، ان پروازوں سے کل 7675 عازمین حج حجاز مقدس روانہ ہوئے،کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 27 سرکاری حج پروازوں کے ذریعے 3934 عازمین حج روانہ ہوئے جب کہ 31 پرائیویٹ پروازوں کے ذریعے 3741 عازمین حج منزل تک پہنچے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی 19 پروازوں سے 2645 نجی عازمین حج سعودی عرب گئے۔
فلائی دبئی کی 9 پروازوں سے 756 نجی حج عازمین روانہ ہوئے، ائیرعربیہ کی 2 پروازوں سے 212 نجی عازمین حج روانہ ہوئے جب کہ سیرین ائیر کی ایک پرواز سے 128 نجی حج عازمین روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق مین رن وے کے آپریشنل ہونے کے بعد پی آئی اے نےکوئٹہ سے جدہ اور مدینہ کے لیے کل 11 براہ راست پروازیں چلائیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ ہی کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے رن ویز کی اپ گریڈیشن مکمل کرکے ائیرپورٹ کو آپریشنل کردیا گیا۔
ترجمان کے مطابق کوئٹہ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے مین رن وے (13L/31R)کی اپ گریڈیشن مکمل کرکے اسے آپریشنل کردیا گیا ہے۔