Time 21 جون ، 2023
پاکستان

پی پی پی نے لطیف کھوسہ کے بعد اعتزاز احسن کی بھی بنیادی رکنیت معطل کردی

اعتزازاحسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی کی سی ای سی کی رکنیت منسوخی کیلئے پارٹی کو سفارش کی گئی ہے: رانا فاروق— فوٹو:فائل
اعتزازاحسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی کی سی ای سی کی رکنیت منسوخی کیلئے پارٹی کو سفارش کی گئی ہے: رانا فاروق— فوٹو:فائل

پاکستان پیپلزپارٹی نے سینیئر وکلا اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت معطل کردی۔

جیو نیوز سے گفتگو میں پیپلزپارٹی سینٹرل پنجاب کے صدر رانا فاروق سعید نے دونوں کی رکنیت معطل ہونے کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت معطل کر دی گئی ہے۔

رانا فاروق سعید کا کہنا تھاکہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی (سی ای سی) کے بھی رکن ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی کی سی ای سی کی رکنیت منسوخی کیلئے پارٹی کو سفارش کی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اعتزاز احسن اور لطیف کھوسہ کی پارٹی سے برطرفی کا فیصلہ سی ای سی اجلاس میں متوقع ہے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی نے آج ہی لطیف کھوسہ کی بنیادی رکنیت ختم کی تھی اور پارٹی کے سینٹرل پنجاب آفس میں 'وال آف شیم' کا افتتاح کیا گیا جس میں لطیف کھوسہ کی تصویر لگائی گئی تھی۔

 عمران خان کی لطیف کھوسہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات

خیال رہےکہ پیر کے روز پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لطیف کھوسہ سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی تھی، ملاقات میں جمہوریت، آئین کے تحت میسر بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے پرامن جدوجہد میں تیزی لانے پر اتفاق کیا گیا تھا۔

واضح رہےکہ بلوچستان کے وکیل عبدالرزاق شر قتل کیس میں اپنی نامزدگی کو عمران خان نے سپریم کورٹ میں لطیف کھوسہ کے ذریعے چیلنج کیا ہے۔

مزید خبریں :