21 جون ، 2023
پاکستان تحریک انصاف نے سابق وزیر دفاع پرویز خٹک کی جانب سے پارٹی کو ارکان کو جماعت سے علیحدگی کی ترغیب دلوانے پر شوکاز نوٹس جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کے اعلامیے کے مطابق پرویز خٹک کے خلاف پارٹی سطح پر کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے اور مرکزی سیکرٹری جنرل عمر ایوب نے انہیں اظہارِ وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔
اظہارِ وجوہ کے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ آپ ارکان سے روابط قائم کرکے جماعت سے علیحدگی اختیار کرنے پر اکسا رہے ہیں لہٰذا 7 دن میں اس تاثر کے حوالے سے اپنا مفصل جواب داخل کریں۔
اعلامیے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جواب تسلی بخش نہ ہونے یا نوٹس کے جواب سے گریز پر کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر دفاع پرویز خٹک نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خیبر پختونخوا کی صدارت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا تھاکہ کئی دنوں سے ملک میں سیاسی حالات کو دیکھ رہا ہوں، 9 مئی کے واقعات کی پہلے ہی مذمت کر چکا ہوں، ملک کا سیاسی ماحول بہت خراب ہے اس ماحول میں چلنا مشکل ہے۔