22 جون ، 2023
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف اور مینیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف اور آئی ایم ایف کی ایم ڈی کے درمیان ملاقات فرانس میں مالیاتی کانفرنس کے دوران سائیڈ لائن پر ہوئی جس میں پاکستان کے لیے جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ اس دوران پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان تعاون پربھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نے عالمی مالیاتی ادارے کی ایم ڈی سے ملاقات میں ان سے 27 مئی کو ہونے والے ٹیلیفونک رابطے کا بھی ذکرکیا جب کہ شہباز شریف نے ساتھ ہی معاشی استحکام اوربہتری کے لیے اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں نویں جائزے کے لیے تمام پیشگی اقدامات کرلیے ہیں، پاکستان آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کی تکمیل کے لیے پرعزم ہے، امید ہے پاکستان کےلیے مختلف فنڈزجلد جاری کردیے جائیں گے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف معاہدے کی تکمیل سے معاشی استحکام میں مدد ملے گی۔
پاکستان نے معاشی بحالی کا ایک قومی پلان تیار کیا ہے جس کے تحت اسپیشل انویسٹمنٹ فیسیلیٹیشن کونسل قائم کر دی گئی، یہ کونسل غیر ملکی سرمایہ کاری کے راستے میں رکاوٹیں دور کرے گی۔
اس حوالے سے وزیرمملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک نے کہا ہے کہ تین مختلف ممالک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے 20 سے 25 ارب ڈالرز مختص کر دیے، حقیقت میں اب یہ پلان اے اور آئی ایم ایف پلان بی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس طریقہ کار کے پیچھے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور چین جیسے دوست ممالک کی یقین دہانیاں ہیں، ان ممالک سے یہ بات طے کرلی گئی ہے کہ وہ کن کن شعبوں میں سرمایہ کاری کریں گے۔
مصدق ملک کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں اگلے پانچ سے سات سال کیلئے 112 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کا پلان پیش کیا گیا ہے۔