23 جون ، 2023
بحر اوقیانوس میں غرقاب ہونے والی آبدوز ٹائٹن کی مالک کمپنی اوشین گیٹ کے شریک بانی گیولرمو سوہنلین نے کہا ہے کہ ممکنہ طور پر زیر آب دباؤ کے باعث آبدوز پھٹ گئی ہوگی۔
اوشین گیٹ کی 18 جون کو لاپتہ ہونے والی آبدوز کا ملبہ ملنے کی خبر سامنے آنے کے بعد اپنے ایک ٹی وی انٹرویو میں گیولرمو سوہنلین کا کہنا تھا کہ اگر سمندر کی تہہ میں کوئی ملبہ ملا ہے تو میرے لیے بلکل بھی تعجب کی بات نہیں کیونکہ ہمارا پروٹوکول تھا کہ اگر رابطہ ٹوٹ جائے تو پائلٹ آبدوز کو تہہ تک لے جائے گا، میرا شروع سے یہی خیال تھا کہ اسٹاکٹن نے بھی یہی کیا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ اگر ایسا نہ کیا جائے تو پھر آبدوز کو سطح سمندر پھر ڈھونڈھنا مشکل ہو سکتا ہے، ٹائٹن کی تلاش کیلئے جاری آپریشن کو دیکھتے ہوئے مجھے سب سے زیادہ خوف اسی بات سے تھا کہ ٹائٹن سطح پر نہ آگئی ہو کیونکہ اگر ایسا ہوا ہوتا تو انہیں تلاش کرنا بہت ہی زیادہ مشکل ہو سکتا تھا۔
انہوں نے کہا کہ صرف ٹائٹن آبدوز کی بات نہیں لیکن زیر آب کسی بھی خوفناک حادثے کا امکان ہمیشہ موجود رہتا ہے کیونکہ جب آپ سمندر کی گہرائی میں ہوں تو وہاں پر دباؤ بہت زیادہ ہوجاتا ہے اور ایسی صورتحال میں اگر آبدوز میں کوئی خرابی پیدا ہو جائے تو دباؤ کے سبب وہ پھٹ سکتی ہے۔
گیولرمو سوہنلین نے کہا کہ اگر ٹائٹن آبدوز کے ساتھ بھی یہی ہوا ہے تو یہ واقعہ چار دن قبل ہی پیش آچکا ہوگا۔
سوہنلین 10 سال قبل اوشین گیٹ سے علیحدہ ہوچکے ہیں تاہم ان کا کہنا تھا کہ اگر آج وہ بھی آبدوز میں ہوتے تو اس صورتحال میں وہ بھی یہی کرتے جو اسٹاکٹن نے کیا تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر اس واقعے سے ہم کچھ سبق حاصل کرنا چاہیں تو وہ صرف یہ ہو سکتا ہے کہ ہم معلوم کریں کہ آخر ہوا کیا تھا اور پھر اس سبق کو آگے بڑھائیں۔