24 جون ، 2023
وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر کا پاکستان سے متعلق ہمدردانہ مؤقف رہا ہے، ان کی خواہش ہے کہ ہم نویں جائزے پر پیشرفت دکھائیں۔
پیرس میں جیو نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے عائشہ غوث پاشا کا کہنا تھا کہ وقت کم ہے، آئی ایم ایف کا پروگرام 30 جون کو ختم ہو رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی آئی ایم ایف ایم ڈی کے ساتھ ملاقات مثبت رہی، ہماری کوشش ہے کہ نواں جائزہ مکمل ہو اور ہم آگے بڑھیں۔
یاد رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے فرانس میں ماحولیات سے متعلق کانفرنس میں عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات کی تھی۔
ملاقات کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی منیجنگ ڈائریکٹر سے ملاقات بڑی خوش گوار رہی، انہیں بتایا کہ پاکستان نے تمام شرائط پوری کردی ہیں، اب پروگرام بورڈ میں جا کر منظور ہونا چاہیے۔