27 جون ، 2023
20 سال میں پہلی بار امریکا میں مقامی سطح پر مچھروں کے کاٹنے سے ملیریا کے کیسز کی شناخت ہوئی ہے۔
امریکی ریاست فلوریڈا میں 2 جبکہ ریاست ٹیکساس میں ملیریا کے ایک کیس کی تشخیص ہوئی ہے۔
2003 کے بعد سے امریکا میں ملیریا کے کیسز ایسے افراد میں رپورٹ ہوئے ہیں جو بیرون ملک سے آئے تھے۔
مگر ملیریا کے حالیہ کیسز میں تینوں مریضوں نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا اور طبی حکام کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مقامی سطح پر مچھر اب اس بیماری کو پھیلا رہے ہیں اور مزید افراد ملیریا کے شکار ہو سکتے ہیں۔
ماہرین نے بتایا کہ کسی بھی علاقے میں مقامی مچھروں سے ملیریا کا پھیلاؤ تشویشناک ہوتا ہے۔
ملیریا مچھروں کی ایک قسم Anopheles سے پھیلتا ہے جو کسی شخص کا خون چوستے ہوئے ایک پیراسائیٹ کو دوران خون میں شامل کر دیتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق ان تینوں کیسز سے ثابت ہوتا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے سے مچھروں سے پھیلانے والے امراض کا خطرہ بڑھ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیاں مچھروں سے پھیلنے والے امراض کے پھیلاؤ میں کردار ادا کر سکتی ہیں۔
ملیریا سے ہر سال دنیا میں لاکھوں افراد ہلاک ہوتے ہیں جن میں زیادہ تعداد 5 سال سے کم عمر بچوں کی ہوتی ہے۔