04 جولائی ، 2023
انٹربینک میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔
پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان معاہدے کے بعد جہاں پیر کے روز اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور ہنڈریڈ انڈیکس 2246 پوائنٹس ریکارڈ اضافے کے ساتھ 43 ہزار 899 پر بند ہوا وہیں گزشتہ روز اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں کمی ہوئی اور ڈالر 5 روپے تک سستا ہوا اور 285 روپے کا ہوگیا۔
آج منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر ہی انٹربینک میں روپے کے سامنے ڈالر نیچے آگرا اور کاروبار شروع ہوتے ہی ڈالر کی قیمت میں 7 روپے 71 پیسے کمی ہوگئی جس کے بعد ڈالر 277 روپے 78 پیسے پر فروخت ہوا۔
کاروبار کے دوران ڈالر کی قدر میں مزید کمی ہوئی اور ڈالر مجموعی طور پر 10 روپے 43 پیسے سستا ہوکر 275 روپے 56 پیسے کا ہوگیا۔
کاروبار کے اختتام پر انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے 55 پیسے سستا ہوکر 275.44 روپے کا ہوگیا۔ انٹربینک کے اس سے قبل کاروباری سیشن میں ڈالر 285.99 روپے پر بند ہوا تھا۔
انٹربینک میں ڈالر 11 مئی کو 298 روپے 93 پیسے تک چلا گیا تھا جب کہ اوپن مارکیٹ میں 30 مئی کو 312 روپے تک جا پہنچا تھا تاہم اب اوپن مارکیٹ میں ڈالر 10 روپے سستا ہوکر 280 روپے کا ہوگیا ہے۔
دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فاریکس ایکسچینج ایسوسی ایشن کے رہنما ملک بوستان نے کہا کہ پاکستان کا جیسے ہی آئی ایم ایف سے معاہدہ ہوا ہے اس کے بعد ڈالر کا ریٹ نیچے آیا ہے، جن لوگوں نے اس امید پر ڈالر روکے تھے کہ ڈالر 500 روپے تک جائے گا تو ان کی امیدوں پر پانی پھر گیا ہے، شہباز شریف نے اسٹاک کے چھکے چھڑا دیے ہیں اب ہوسکتا ہےکہ ڈالر 270 سے کم ہوجائے۔
انہوں نے کہا کہ بلوم برگ بھی کہہ رہا ہے کہ پاکستانی روپیہ 240 تک آسکتا ہے، پاکستان کے اچھے دن آنے والے ہیں کیونکہ پاکستان نے ایک اچھے فیصلے کیے ہیں۔
ملک بوستان کا کہنا تھا کہ سی پیک پر بھی چین بہت مطمئن ہے، چین نے احسن اقبال کو مسٹر سی پیک قرار دیا ہے، آئندہ دنوں میں معیشت بہتر ہوگی اور اسٹاک بھی مضبوط ہوگا۔