04 جولائی ، 2023
بالی وڈ کی لیجنڈری اداکارہ ریکھا نے فلم انڈسٹری پر ایک ایسی چھاپ چھوڑی ہے جو برسوں تک مداحوں کے ذہنوں میں رہے گی، اپنے کیرئیر میں دل موہ لینے والے کردار کرنے والی ریکھا تقریباً 10 سالوں سے اسکرین سے غائب ہیں۔
حال ہی میں فیشن میگزین ووگ عربیہ کے لیے کرائے گئے شوٹ سے متعلق ایک انٹرویو میں ریکھا نے اس کا جواب دیا کہ وہ اتنے عرصے سے کسی فُل لینتھ فلم میں دکھائی کیوں نہیں دیں؟
ریکھا نے کہا 'یوں تو میری اپنی شخصیت ہے لیکن میری فلمی شخصیت کیسی ہو یہ دیکھنے والے طے کرتے ہیں، مجھے معلوم ہے کہ میرے مداحوں کو مجھے کس طرح دیکھنا پسند ہے، اسی لیے مجھے علم ہے کہ میں کہاں فٹ ہوتی ہوں اور کہاں نہیں'۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'میں بہت خوش قسمت ہوں کہ مجھے اپنی پسند کے انتخاب کا حق حاصل ہے اسی لیے میں کسی بھی ایسے کام کے لیے انکار کرسکتی ہوں جو میری مرضی کے مطابق نہیں'۔
انہوں نے بتایا کہ 2014 کے بعد سے انہیں کسی ایسی فلم کی پیشکش نہیں ہوئی جس میں وہ کام کرسکیں۔
ریکھا سے سوال کیا گیا کہ 'کیا کبھی کسی شخص یا کسی چیز سے کی جانے والی گہری محبت ختم ہوسکتی ہے؟'
جواب میں اداکارہ نے کہا 'جب ایک بار رشتہ قائم ہوجائے تو وہ ہمیشہ کے لیے ہوتا ہے، اس میں کمی یا زیادتی ہوسکتی ہے، اب جیسے میں فلموں کی بات کروں، چاہے میں بناؤں یا نہیں ، چاہے ان میں کام کروں یا نہیں، ان کے لیے میری محبت ہمیشہ رہے گی اور جب صحیح وقت ہوگا تو مناسب پراجیکٹ مجھے ڈھونڈ لے گا'۔
واضح رہے کہ ریکھا کو آخری بار 2014 میں ریلیز ہونے والی فلم سپر نانی میں دیکھا گیا تھا، اس کے بعد وہ شمیتابھ اور یملا پگلا دیوانہ: پھر سے میں بھی گیسٹ اپیئرنس کے طور پر نظر آئیں۔