15 اگست ، 2021
بالی وڈ کے نامور ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کے حوالے سے خبریں زیرِ گردش ہیں کہ وہ اپنی آنے والی فلم ہیرامنڈی میں ریکھا کی جگہ ایشوریا کو کاسٹ کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق سنجے لیلا بھنسالی اِن دنوں ہیرامنڈی کی کاسٹ کو منتخب کرنے میں مصروف ہیں، فلم کے مرکزی کرداروں میں سے ایک کردار کے لیے ریکھا کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن اب سنجے لیلا اس کردار کے لیے ایشوریا کو کاسٹ کرنے کے بارے میں سوچ رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ کچھ سالوں سے یہ خیال عام ہے کہ ریکھا کو فلموں میں ہدایت دینا کافی مشکل ہے، یہی وجہ ہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے ریکھا کو کاسٹ کرنے کا ارادہ ترک کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ ڈائریکٹر ابھیشیک کپور کی 2016 میں ریلیز ہونے والی فلم فتور میں راتوں رات ریکھا کو فلم سے نکال کر اداکارہ تبو کو کاسٹ کیا گیا تھا۔
تاہم فلم ہیرا منڈی کی کاسٹ میں تبدیلی کے حوالے سے سنجے لیلا بھنسالی کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔
خیال رہے کہ سنجے لیلا بھنسالی نے لاہور کے تاریخی مقام ہیرا منڈی پر فلم بنانے کا اعلان کیا ہے، فلم لاہور کے مخصوص علاقے میں کام کرنے والی خواتین پر بنائی جا رہی ہے اور یہ ایک مہنگا ترین پراجیکٹ ہو گا۔