Time 04 جولائی ، 2023
صحت و سائنس

ذہنی یکسوئی کا آسان ترین طریقہ جان لیں

یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

کیا کسی کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے یا کچھ کرتے ہوئے دھیان بار بار بھٹک رہا ہے؟

اگر ہاں تو اس کا حل بہت آسان ہے۔

یہ بات آسٹریلیا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔

سڈنی یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ کام پر توجہ مرکوز کرنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہو تو 5 منٹ کا وقفہ کریں۔

تحقیق میں کہا گیا کہ ضروری نہیں کہ کہیں دور چہل قدمی کریں یا کچھ اور کریں، صرف 5 منٹ کے وقفے سے بھی ذہنی یکسوئی حاصل کرنا ممکن ہے۔

تحقیق میں بتایا گیا کہ آرام کارکردگی، شخصیت اور سیکھنے کے عمل کو بہتر بنانے کے لیے اہم ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں یونیورسٹی کے 72 طالبعلموں کو شامل کیا گیا اور انہیں ریاضی کا ایک مشکل ٹیسٹ دیا گیا جو 20 منٹ میں مکمل کرنا تھا۔

ان طالبعلموں کے 3 گروپس بنائے گئے، ایک گروپ کو بغیر کسی وقفے کے ٹیسٹ کو مکمل کرنا تھا جبکہ دوسرے کو 5 منٹ تک آرام کرنے کا کہا گیا اور تیسرے کو 5 منٹ تک فطرت سے متعلق ویڈیو دیکھنے کی ہدایت کی گئی۔

تینوں گروپس نے ہدایات کے مطابق ٹیسٹ کو مکمل کیا اور نتائج سے معلوم ہوا کہ جس گروپ کو 5 منٹ تک آرام کا موقع دیا گیا، اس میں شامل افراد نے دیگر کے مقابلے میں زیادہ بہتر ذہنی یکسوئی کو رپورٹ کیا۔

اس گروپ میں شامل افراد نے ٹیسٹ کے نتائج میں دیگر کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔

محققین نے بتایا کہ اگر آپ دفتری یا تعلیمی سرگرمیوں کو بہتر بنانا چاہتے ہیں تو مشکل ٹاسک کے دوران 5 منٹ تک کچھ نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ اپنے کمپیوٹر یا ڈیوائس سے دور چلے جائیں اور خاموش بیٹھ کر دماغ کو آرام کا موقع دیں یا لوگوں سے بات چیت کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر فرد مختلف ہوتا ہے اور اس کی توجہ کی صلاحیت پر مختلف عناصر اثر انداز ہوتے ہیں، مگر کچھ دیر کے آرام سے اس صلاحیت کو بحال کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Educational and Developmental Psychologist میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :