Geo News
Geo News

Time 07 جولائی ، 2023
پاکستان

لاہور میں ہیلمٹ کے بغیر پیٹرول نہ دینے کا حکم

ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری احکامات کے بعد ضلعی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے/ فائل فوٹو
ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری احکامات کے بعد ضلعی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے/ فائل فوٹو

ڈپٹی کمشنر لاہور  نے  ہیلمٹ نہ پہننے والے موٹر سائیکل سواروں کو پیٹرول دینے پر پابندی عائد کردی۔

ڈپٹی کمشنر لاہور کی جانب سے جاری احکامات کے بعد ضلعی حکومت نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جس میں کہا گیا ہےکہ ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا ہے کہ پابندی پر عمل درآمد یقینی بنایا جائےگا۔

ڈی سی لاہور نے کہا کہ موٹرسائیکل پر ہیلمٹ استعمال نہ کرنے سے حادثات میں قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں، انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنانے کےلیے  یہ پابندی لگائی گئی ہے، اس پابندی پر عملدرآمد یقینی بنانے کےلیے بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔

رافعہ حیدر نے موٹرسائیکل سواروں سے اپیل  بھی کی کہ  ہیلمٹ کا استعمال لازمی کریں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر میں موٹر سائیکل حادثات  میں جانی نقصان کی وجہ ہیلمٹ کا نہ استعمال کرنا بھی ہے، ہیلمٹ کے استعمال کا مقصد   موٹر سائیکل سوارکو حادثے کے وقت سر اور دماغ کی چوٹوں سے محفوظ رکھنا ہے۔