Time 08 جولائی ، 2023
پاکستان

دو صوبوں کی پولیس سے بے خوف کچے کے ڈاکوؤں نے تاوان نہ دینے پر 3 مغوی قتل کردیے

دو صوبوں کی پولیس سے بےخوف کچے کے ڈاکوؤں نے تاوان نہ دینے پر 3مغوی قتل کردیے۔

سستی کار خریدنے کےلیے اوباڑو پہنچنے والے پنڈی کے ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کو کچے کے ڈاکوؤں نے قتل کردیا۔

ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کو اغوا کرکے کچے میں رکھا اور اس کی بہن کو فون کرکے 2 کروڑ روپے تاوان مانگا لیکن تاوان نہ دیے جانے پر اسے قتل کردیا، مقتول ٹیکسی ڈرائیور ارشد محمود کی لاش ملی تو اسے کتوں نے بھنبھوڑا ہوا تھا۔

ڈاکوؤں نے ٹیکسی ڈرائیور کی لاش ماچھکہ میں پھینک دی، 5 بچوں کے باپ مقتول ٹیکسی ڈرائیور کی بہن اور ڈاکوؤں کی آڈیو بھی سامنے آگئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق 2 ہفتوں کے دوران ڈاکو تاوان نہ دینے پر تین مغوی شہریوں کو قتل کرچکے ہیں۔ 

ایڈیشنل آئی جی کی جیونیوز سے گفتگو

اس واقعے پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی جنوبی پنجاب مقصود الحسن نے کہا کہ کچے کے ایریا کو کنٹرول کرنے اور ڈاکوؤں کی سرکوبی کے لیے سندھ پولیس سے مستقل رابطے میں رہتے ہیں، سندھ پولیس کے اعتراض پر ہم ماچھکہ کے ایریا میں پولیس چوکی قائم کر رہے ہیں، یہ فیصلہ حال ہی میں ڈی پی او رحیم یار خان اور ڈی پی او گھوٹکی کے درمیان ایک اجلاس میں طے ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کا شکار ہونے والے زیادہ افراد ہنی ٹریپ کا نشانہ بنتے ہیں جن کی روک تھام بہت مشکل ہے، یہ سادہ لوح انسان اپنے گھر والوں کو بتائے بغیر ڈاکوؤں کے چنگل میں آسانی سے پھنس جاتے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی کا کہنا تھا کہ جب ہمیں سندھ میں کوئی لاجسٹک سپورٹ درکار ہوتی ہے تو وہاں کی انتظامیہ ہماری مدد کرتی ہے اور جب سندھ کو پنجاب کے ایریا میں کوئی لاجسٹک سپورٹ  درکار ہوتی ہے تو ہم انہیں فراہم کرتے ہیں۔

مزید خبریں :