معروف بھارتی اداکار کی ڈرامہ 'تیرے بن' دیکھنے میں دلچسپی، ٹوئٹ وائرل

ڈرامے کی مقبولیت اور مداحوں کی اس میں دلچسپی دیکھتے ہوئے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے انسٹاگرام پر ڈرامے کا سیزن 2 بنانے کا بھی اعلان کیا__فوٹو: فائل
ڈرامے کی مقبولیت اور مداحوں کی اس میں دلچسپی دیکھتے ہوئے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے انسٹاگرام پر ڈرامے کا سیزن 2 بنانے کا بھی اعلان کیا__فوٹو: فائل

بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کے مقبول اداکار نکول مہتا نے پاکستان کا بلاک بسٹر ڈرامہ سیریل تیرے بن دیکھنے کا مشورہ مانگا ہے۔

جیو انٹرٹینمنٹ  کا مقبول ڈرامہ تیرے بن جمعرات کی رات اختتام پذیر ہوا جس نے کامیابی کے کئی ریکارڈ  اپنے نام کیے،  یہاں تک کہ یہ ڈرامہ پاکستان سمیت بھارت اور بنگلادیش میں بھی ٹرینڈنگ پر رہا۔

ڈرامے کی مقبولیت اور مداحوں کی اس میں دلچسپی دیکھتے ہوئے سیونتھ اسکائی انٹرٹینمنٹ کے پروڈیوسر عبداللہ کادوانی نے انسٹاگرام پر ڈرامے کا سیزن 2 بنانے کا بھی اعلان کیا۔

اب بھارتی ڈرامہ 'بڑے اچھے لگتے ہیں سیزن 2' میں مرکزی کردار نبھانے والے نکول مہتا نے ڈرامے سے متعلق ٹوئٹ کی ہے۔

گزشتہ روز اداکار نے اپنے ٹوئٹر پر لکھا 'کوئی مجھے پاکستانی ڈرامہ تیرے بن کے بارے میں بتائے گا، مجھ سے کیا چیز رہ گئی؟ کیا جتنا اس کے بارے میں بات ہو رہی ہے، ڈرامہ اس قابل ہے؟ اگر کوئی اسے دیکھنا چاہے تو کیسے دیکھ سکتا ہے؟'

نکول کی ٹوئٹ کا جواب جہاں پاکستانی مداحوں نے دیا وہیں بھارتی صارفین کی بڑی تعداد نے جوابات دیے۔

ایک بھارتی بلاگر تولیکا دوبے نے لکھا 'آپ اسے یوٹیوب پر دیکھ سکتے ہیں، اس میں رومانوی ناولز  کی طرح ایک نشہ سا ہے، آپ جانتے ہیں یہ صحت بخش نہیں لیکن آپ خود کو دیکھنے سے نہیں روک سکیں گے'۔

ساتھ ہی انہوں نے وہاج علی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس الفاظ ختم ہوگئے ہیں۔

ایک اور بھارتی ٹوئٹر اکاؤنٹ نے اداکار کو مشورہ دیا کہ 'آپ اسے ضرور دیکھیں، یقیناً اس فیصلے پر آپ کو پچھتاوا نہیں ہوگا'۔


مزید خبریں :