Time 09 جولائی ، 2023
دنیا

سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر حوثیوں نے سویڈش مصنوعات پر پابندی لگادی

فوٹو رائیٹرز
فوٹو رائیٹرز

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر یمن کی حوثی اتھارٹی نے سویڈش درآمدات پر پابندی عائد کردی۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے شمال کو کنٹرول کرنے والی حوثی اتھارٹی نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی پر احتجاجاً سویڈش درآمدات پر پابندی عائد کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یمنی میڈیا نے حوثی وزیر تجارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ  یمن وہ پہلا ملک بن گیا ہے جس نے قرآن پاک کی بے حرمتی کے بعد سویڈش تجارت پر پابندی لگائی ہے۔ 

وزیر نے سویڈش کی درآمدات کو "محدود" قرار دیا لیکن کہا کہ اس فیصلے کی علامتی اہمیت ہے اور یہ کہ پابندی حوثیوں کے لیے کم سے کم تھی، اسی کے ساتھ انہوں نے ساتھی اسلامی ممالک سے بھی اس کی پیروی کرنے کا مطالبہ کیا۔

قرآن پاک کو نذر آتش کرنے کا واقعہ

خیال رہےکہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم کی مسجد کے باہر عید الاضحیٰ کے روز قرآن پاک کو نذرآتش کرنے اور بے حرمتی کا واقعہ پیش آیا تھا۔

اسٹاک ہوم کی پولیس نے عراق سے تعلق رکھنے والے شہری کو کئی بار قرآن پاک نذر آتش کرنے کی اجازت دینے سے انکار کیا تھا لیکن مقامی عدالت نے پولیس کے فیصلے کو آزادی اظہار رائے کے خلاف قرار دیا۔

مقامی پولیس نے شہری کو عید کے روز شہر کی مرکزی جامع مسجد کے باہر مظاہرے کی اجازت دی جس کے بعد ملعون نے قرآن پاک کو نذر آتش کیا اور مسلمانوں کی مقدس کتاب کی بے حرمتی کی۔

قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں ریلیاں

سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی پر دنیا بھر میں مسلمان سراپا احتجاج ہیں اور کئی ممالک میں ریلیاں نکالی جا رہی ہیں جب کہ حکومت پاکستان کی طرف سے اس سلسلے میں یوم تقدیس قرآن بھی منایا گیا۔

مزید خبریں :