10 جولائی ، 2023
بھارت نے دریائے چناب اور راوی کے بعد دریائےستلج میں بھی پانی چھوڑدیا۔
پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت نے ہریکے کے مقام سے 70614 کیوسک پانی دریائے ستلج میں چھوڑا۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ آج رات تک پانی ضلع قصور گنڈا سنگھ کے مقام سے پاکستانی حدود میں داخل ہوگا۔
پی ڈی ایم اے نے ہدایت جاری کی کہ تمام اضلاع ریلیف کیمپس کا قیام عمل میں لائیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔
پی ڈی ایم اے نے یہ بھی ہدایت کی کہ شہری دریاؤں اورنہروں کے قریب جانے سے گریز کریں۔
دوسری جانب دریائے چناب اور ریجن میں بہنے والے ندی نالوں میں پانی کی موجودہ صورتحال کنٹرول میں ہے۔
مرکزی کنٹرول روم کے مطابق ہیڈ مرالہ کے مقام پر پانی کی آمد ایک لاکھ 97 ہزار 922 کیوسک اور اخراج ایک لاکھ 81 ہزار872 کیوسک ہے۔