11 جولائی ، 2023
اسلام آباد: وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ احسان مزاری نے ایشیا کپ کیلئے پاکستان آنے سے انکار پر ایک بار پھر بھارتی ٹیم کو آڑے ہاتھوں لے لیا۔
جیونیوز کے پروگرام جیو پاکستان میں گفتگو کرتے ہوئے احسان مزاری نے کہا کہ پاکستان میں صورتحال زبردست ہے، انگلینڈ اور آسٹریلیا کی ٹیمیں آچکی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کرکٹ پر سیاست کرتاہے، بھارتی ٹیم ہمیشہ سکیورٹی کا بہانہ بناتی ہے، بھارت کی دیگر کھیلوں کی ٹیمیں یہاں آتی ہیں لیکن انہیں صرف کرکٹ میں پرابلم ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے احسان مزاری نے کہا تھا اگر ایشیا کرکٹ کپ نیوٹرل وینیو پر کھیلا گیا تو پاکستان کو بھی آئی سی سی کرکٹ ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جانا چاہیے، اگر بھارت ہماری سربراہی میں ہونے والے ایشیاکپ کے لیے نیوٹرل وینیو کا کہتا ہے تو ہمیں بھی ورلڈکپ کے لیے بھارت سے ایسا ہی مطالبہ کرنا چاہیے۔
ذکا اشرف بھی ہائبرڈ ماڈل کے مخالف
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے نئے سربراہ ذکا اشرف بھی ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم کے مخالف ہیں اور ان کا بھی یہی مؤقف ہے کہ ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم پاکستان کے ساتھ زیادتی ہے۔
تاہم سابق سربراہ پی سی بی مینجمنٹ کمیٹی نجم سیٹھی نے ایشیا کپ کے لیے ہائبرڈ سسٹم کو پاکستان کی بڑی کامیابی قرار دیا تھا۔
اس حوالے سے ذکا اشرف کا کہنا تھا کہ ایشیا کپ پاکستان میں ہونا ہے لیکن پاکستان میں چھوٹی ٹیموں کے میچز ہوں گے جس سے پی سی بی کو کوئی فائدہ نہیں ہو گا۔