جرائم
Time 12 جولائی ، 2023

دبئی سے شادی کیلئےکراچی آنیوالا نوجوان پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق

فوٹو: ٹوئٹر
فوٹو: ٹوئٹر

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار  ایک شخص جاں بحق اور  دوسرا  زخمی ہوگیا۔

واقعےکے بعد اہلخانہ نےلاش تھانےکے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا، عباسی شہید اسپتال میں ہاشم کے ماموں رستم نے میڈیا سےگفتگوکرتے ہوئےکہا کہ ہاشم اور  اس کا دوست پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق اور زخمی ہوئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہاشم 15 سے زائد سال سے دبئی میں مقیم تھا اور شادی کرنےکے لیے کراچی آیا تھا، مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مقتول واپس جانے سے قبل شاہ نورانی کے مزار  پر دوست کے ساتھ زیارت کے لیےگیا تھا، واپس آتے ہوئے نہ رکنے  پر پولیس نے دونوں پر فائرنگ کی۔

دوسری جانب پولیس کا واقعے سے متعلق کہنا ہےکہ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر  پولیس موبائل کھڑی تھی، موٹرسائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ نہیں رکے، پولیس موبائل میں موجود اہلکاروں نے پیچھا کرنےکے بعد موٹرسائیکل سواروں پر فائرنگ کی، فائرنگ کرنے والی پولیس موبائل کس تھانے یا محکمے کی تھی اس کی تصدیق کر رہے ہیں، وہاں کسٹمز نے ناکہ لگا رکھا تھا۔

مزید خبریں :