Time 13 جولائی ، 2023
دنیا

برطانوی ٹی وی میزبان کی اہلیہ نے فحش تصاویر اسکینڈل میں ملوث شوہر کا نام ظاہر کردیا

میرا شوہر ہی وہ شخص ہے جس کے بارے میں برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کمسن لڑکی کو 35 ہزار پاؤنڈ دینے کے بدلے فحش تصاویر لی تھیں: وکی فلینڈ—فوٹو: فائل
میرا شوہر ہی وہ شخص ہے جس کے بارے میں برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کمسن لڑکی کو 35 ہزار پاؤنڈ دینے کے بدلے فحش تصاویر لی تھیں: وکی فلینڈ—فوٹو: فائل

برطانوی ٹی وی کے میزبان ہیو ایڈورڈز کی اہلیہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کا شوہر ہی وہ شخص ہے جو لڑکیوں کی فحش تصاویر کے اسکینڈل کا مرکزی کردار ہے۔

ہیو ایڈورڈز کی اہلیہ وکی فلینڈ نے تصدیق کی ہے کہ ان کا شوہر ہی وہ شخص ہے جس کے بارے میں برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ اس نے کمسن لڑکی کو 35 ہزار پاؤنڈ دینے کے بدلے فحش تصاویر لی تھیں، اس وقت ہیو ایڈورڈز ذہنی مسائل سے دوچار ہیں اور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔

برطانوی ملکہ کی وفات کی خبر دینے اور بعد ازاں پوری ٹرانسمیشن کو لیڈ کرنے سمیت تاریخی اہمیت کے واقعات پر میزبانی کرنے والے ٹی وی اینکر پر اب اسی برطانوی ٹی وی میں کام کرنے والی کئی خواتین نے بھی نامناسب میسیجز بھیجنے کا الزام لگا دیا ہے۔

ادارے کی 3 جونیئر اسٹاف کا کہنا ہے کہ 61 برس کے ہیو ایڈورڈز نے انہیں بھی نامناسب میسیجز بھیجے تھے تاہم انہوں نے ادارے کو شکایت نہیں کی تھی۔ برطانوی ٹی وی نے ہیو ایڈورڈز کو معطل کردیا ہے۔

واضح رہے کہ برطانوی اخبار نے خبر شایع کی تھی کہ معروف برطانوی ٹی وی اینکر نے کمسن لڑکی سے 35 ہزار پاؤنڈز کے بدلے فحش تصاویرکا مطالبہ کیا تھا۔

لڑکی کی والدہ نے برطانوی اخبار کو بتایا تھا کہ اس کی بیٹی 17 سال کی تھی جب سے ٹی وی شخصیت سے رابطے میں تھی اوراب اس کی عمر 20 برس ہے۔

لڑکی کی والدہ کے مطابق فحش تصاویر کے بدلے بھیجی گئی رقم اس کی بیٹی کوکین کا نشہ کرنے کیلئے استعمال کرتی رہی، نتیجہ یہ نکلا کہ کبھی خوش وخرم رہنے والی بیٹی اب نشے میں دھت بد روح بن گئی ہے۔

خبر شایع ہونے کے بعد برطانوی ٹی وی نے میزبان کو آف ائیر کرکے معطل کردیا تھا اور میزبان کے خلاف ادارتی تحقیقات کا اعلان کیا تھا تاہم ٹی وی کی جانب سے میزبان کا نام ظاہر نہیں کیا گیا تھا جس کے بعد ٹی وی سے وابسطہ کئی میزبانوں نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے وضاحت کرنا شروع کر دی تھیں کہ اس جنسی اسکینڈل سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

ہیو ایڈورڈ کی اہلیہ نے اپنے شوہر کا نام ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اب میڈیا میں اس خبر کے حوالے سے گردش کرتی افواہیں دم توڑ جائیں گی اور برطانوی ٹی وی کے دیگر میزبانوں کو درپیش مشکلات ختم ہو جائیں گی۔

مزید خبریں :