13 جولائی ، 2023
عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف ) نے پاکستان کی معاشی کارکردگی سے متعلق رپورٹ جاری کردی۔
آئی ایم ایف کے مطابق سال 24-2023 میں معاشی شرح نمو 2.5 فیصد رہنے کا امکان ہے، گزشتہ مالی سال پاکستان کی معاشی کارکردگی منفی 0.5 فیصد رہی جب کہ حکومت نے گزشتہ سال جی ڈی پی گروتھ 0.3 فیصد مثبت رہنے کا دعویٰ کیا تھا۔
اب امکان ظاہر کیا گیا ہےکہ سال 2024 میں بے روزگاری ساڑھے 8 فیصد سے کم ہو کر 8 فیصد پرآجائے گی، اس سال اوسط مہنگائی29.6 فیصد سے کم ہو کر 25.9 فیصد پر آنے کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ اس سال مالی خسارہ معمولی کمی سے ساڑھے 7 فیصد رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
آئی ایم ایف کے مطابق پرائمری سرپلس جی ڈی پی کا 0.4 فیصد رہنے کا تخمینہ ہے اور پاکستان کے ذمہ قرضوں کا حجم 81.8 فیصد سے کم ہو کر 74.9 فیصد پر آجائے گا۔
واضح رہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کا 3 ارب ڈالرز قرض پروگرام منظور کرلیا ہے۔
آئی ایم ایف کے ایگزیکٹو بورڈ نے پاکستان کے ساتھ اسٹینڈ بائے معاہدے کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد فوری طور پر ایک ارب 20 کروڑ ڈالرز کی قسط پاکستان کو جاری کردی جائے گی۔
اعلامیے کے مطابق 1.8 ارب ڈالر نومبر اور فروری میں دوبارہ جائزوں کے بعد شیڈول کیے جائیں گے۔