13 جولائی ، 2023
راولپنڈی: ڈی جی ایف آئی اے نے آن لائن قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) میں آن لائن لون ایپس کے حوالے سے اہم پیشرفت ہوئی ہے جس میں ڈی جی ایف آئی اے نے سائبرکرائم ونگ سے پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ڈی جی ایف آئی اے نے واقعے میں ملوث عناصرکو جلد گرفتارکرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہےکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں، قرض کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہےکہ سائبرکرائم سرکل راولپنڈی نے متاثرین کو موصول ہونے والی کالزپر تحقیقات کا آغاز کردیا ہے اور ملزمان کی جانب سے کی جانے والی کالزکا ریکارڈ حاصل کیا جارہا ہے۔
ترجمان کے مطابق گزشتہ روز سائبر کرائم راولپنڈی کی ٹیم نے متاثرہ خاندان کے گھر کا دورہ کیا جس کے بعد اسلام آباد کے علاقے جی ایٹ میں ایف آئی اے نے 2 چھاپے مارے جس میں متعدد لیپ ٹاپس اور کمپیوٹر قبضے میں لیے گئے۔