Time 13 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ میں ایک اور بہترین پرائیویسی فیچر متعارف

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے / فائل فوٹو
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے / فائل فوٹو

واٹس ایپ میں ایک بہترین پرائیویسی فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں صارفین اب کمیونٹیز میں اپنا فون نمبر تمام صارفین سے چھپا سکیں گے۔

ویسے تو واٹس ایپ کمیونیٹیز میں فون نمبر ظاہر نہیں ہوتا مگر جب صارف میسجز پر ری ایکشنز ایموجیز استعمال کرتے ہیں تو پھر دیگر اراکین کے لیے فون نمبر دیکھنا ممکن ہوتا ہے۔

اسی کو دیکھتے ہوئے واٹس ایپ کی جانب سے فون نمبر پرائیویسی نامی فیچر بیٹا (beta) ورژن میں متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر کو ان ایبل کرنے پر صارف کے فون نمبر کمیونٹی ایڈمسٹریٹرز اور ان کے کانٹیکٹس میں محفوظ افراد کے پاس ہی ظاہر ہوں گے۔

WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اس فیچر کی آزمائش کئی ماہ سے کی جا رہی تھی مگر اب یہ بڑے پیمانے پر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز پر بیٹا صارفین کے لیے متعارف کرایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ فیس بک گروپس کے برعکس واٹس ایپ کمیونٹیز اس پلیٹ فارم میں پبلک یا ڈسکور ایبل نہیں ہوتیں بلکہ صارفین کو جوائن کرنے کے لیے انوائیٹ کیا جاتا ہے۔

اس نئے فیچر کی بدولت صارفین کسی بھی کمیونٹی اناؤنسمنٹ گروپ میں اس خدشے کے بغیر شامل ہو سکیں گے کہ ان کا فون نمبر دیگر اراکین تک پہنچ جائے گا۔

خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں واٹس ایپ میں کئی پرائیویسی فیچرز کا اضافہ کیا گیا ہے جن میں لاک چیٹس، نامعلوم نمبروں سے آنے والی کالز کو میوٹ کرنا اور پرائیویسی سیٹنگز ریویو قابل ذکر فیچرز ہیں۔

مزید خبریں :