Time 14 جولائی ، 2023
پاکستان

کراچی: دبئی سے آنیوالے نوجوان کے قتل کیس میں ڈی ایس پی گرفتار

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ڈی ایس پی قمر احمد کو گرفتار کرلیا گیا گیا ہے: ڈی آئی جی ویسٹ کی تصدیق/ فائل فوٹو
اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ڈی ایس پی قمر احمد کو گرفتار کرلیا گیا گیا ہے: ڈی آئی جی ویسٹ کی تصدیق/ فائل فوٹو

کراچی: پولیس نے دبئی سے آنے والے شہری کے قتل میں ڈی ایس پی کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق کراچی کے علاقے منگھو پیر میں دبئی پلٹ شہری کے قتل کیس میں اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کے ڈی ایس پی قمر احمد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی فدا مستوئی نے بتایا کہ ڈی ایس پی کی گرفتاری کے ساتھ ہی پولیس موبائل بھی برآمد کرلی گئی ہے جب کہ مقدمے میں ملوث اے ایس آئی اور دیگر پولیس اہلکار فرار ہیں جن کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

شہری کا قتل کب ہوا؟

کراچی کے علاقے منگھوپیر میں نہ رکنے پر پولیس کی فائرنگ سے موٹر سائیکل سوار ایک شخص جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوا، یہ واقعہ 12 جولائی کو پیش آیا۔

واقعےکے بعد اہلخانہ نےلاش تھانےکے باہر رکھ کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور بتایا کہ  ہاشم 15 سے زائد سال سے دبئی میں مقیم تھا اور شادی کرنےکے لیے کراچی آیا تھا، مقتول کی ایک ماہ قبل شادی ہوئی تھی، مقتول واپس جانے سے قبل شاہ نورانی کے مزار پر دوست کے ساتھ زیارت کے لیےگیا تھا، واپس آتے ہوئے نہ رکنے پر پولیس نے دونوں پر فائرنگ کی۔

پولیس کا مؤقف 

دوسری جانب پولیس کا واقعے سے متعلق کہنا تھاکہ عینی شاہدین کے مطابق جائے وقوعہ پر پولیس موبائل کھڑی تھی، موٹرسائیکل سوار افراد کو رکنے کا اشارہ کیا تو وہ نہیں رکے، پولیس موبائل میں موجود اہلکاروں نے پیچھا کرنےکے بعد موٹرسائیکل سواروں پر فائرنگ کی، فائرنگ کرنے والی پولیس موبائل کس تھانے یا محکمے کی تھی اس کی تصدیق کر رہے ہیں، وہاں کسٹمز نے ناکہ لگا رکھا تھا۔

مزید خبریں :